وینزویلا: مادورو کی گرفتاری کے بعد مقامی میڈیا کے درجنوں صحافی گرفتار

مجموعی طور پر 14 میڈیا کارکنان کو حراست میں لیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں تمام افراد کو رہا کر دیا گیا، رپورٹ
شائع 06 جنوری 2026 11:08am

وینزویلا کے دارالحکومت کراکس میں پیر کے روز احتجاج کی کوریج کے دوران ایک درجن سے زائد صحافیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔ جنوبی امریکی ملک کی صحافتی تنظیم (نیشنل پریس ایسوسی ایشن) نے بتایا کہ یہ گرفتاریاں صدر نکولس مادورو کی حمایت میں ہونے والے مارچ اور ملک کی نئی قانون ساز اسمبلی کی حلف برداری کی رپورٹنگ کے دوران عمل میں آئیں۔

وینزویلا کی نیشنل یونین آف پریس ورکرز (ایس این ٹی پی) کے مطابق مجموعی طور پر 14 میڈیا کارکنوں کو حراست میں لیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں تمام افراد کو رہا کر دیا گیا۔

تنظیم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ حراست میں لیے گئے افراد میں ایک غیر ملکی صحافی بھی شامل تھا، جسے رہا کرنے کے بعد ملک بدر کر دیا گیا۔

ایس این ٹی پی کے مطابق زیر حراست لیے جانے والوں میں 11 افراد بین الاقوامی میڈیا اداروں سے وابستہ تھے جبکہ ایک مقامی میڈیا آؤٹ لیٹ کے لیے کام کر رہا تھا۔ خبر رساں ادارہ رائٹرز ان تمام گرفتاریوں کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کر سکا۔

وینزویلا کی وزارتِ اطلاعات نے گرفتاریوں سے متعلق تبصرے کی درخواست پر فوری طور پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔ اسی طرح وزارت مواصلات نے بھی اس حوالے سے سوالات کا جواب نہیں دیا۔

صحافیوں کی گرفتاری ایسے وقت میں سامنے آئی تھی جب امریکی فوج نے ہفتے کی شب ایک کارروائی کے دوران نکولس مادورو کو حراست میں لیا تھا۔

پیر کے روز وینزویلا کے صدر نے نیویارک کی ایک عدالت میں منشیات سے متعلق دہشت گردی کے الزامات کے تحت خود کو بے قصور قرار دیا۔

اس پیش رفت کے بعد مادورو کی نائب صدر ڈیلسی روڈریگز نے عبوری صدر کے طور پر ذمہ داریاں سنبھالیں۔

دوسری جانب نیویارک کی وفاقی عدالت میں وینزویلا کے صدر نکولس مادورو پر باقاعدہ فردِ جرم عائد کر دی گئی۔ ابتدائی سماعت کے دوران مادورو نے امریکی وفاقی عدالت میں پیش ہوتے ہوئے اپنے خلاف عائد تمام الزامات پر صحتِ جرم سے انکار کیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق 63 سالہ مادورو نے امریکی وفاقی عدالت میں چار فوجداری الزامات پر خود کو بے قصور قرار دیا، جن میں نارکو ٹیررازم، کوکین درآمد کرنے کی سازش اور مشین گنز و تباہ کن ہتھیار رکھنے کے الزامات شامل ہیں۔

United States

Detained

VENEZUELA

Nicholas Maduro

press journalists

national press association

dozen media workers