کراچی: مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلے، ایک ملزم ہلاک
کراچی کے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران ایک ڈاکو ہلاک جبکہ پانچ زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔ پولیس کے مطابق کارروائیاں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری ہیں اور مختلف علاقوں میں مقابلوں کے واقعات پیش آئے۔
پولیس کے مطابق کورنگی نمبر تین کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا، تاہم ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت تاحال نہیں ہو سکی۔
گلشن اقبال میں عزیز بھٹی پارک کے قریب بھی مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، جس کے دوران ایک ڈاکو زخمی ہو گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ڈاکو کی شناخت 25 سالہ سعید کے نام سے ہوئی ہے۔
اسی طرح صدر کے علاقے میں پارکنگ پلازہ ٹانگہ اسٹینڈ کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران 22 سالہ ڈاکو نہال زخمی ہوا، جسے پولیس نے حراست میں لے لیا۔
اورنگی ٹاؤن سیکٹر 14 سی کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے۔ پولیس کے مطابق زخمی ڈاکوؤں کی شناخت 45 سالہ مرتضیٰ اور 57 سالہ آصف کے نام سے ہوئی ہے۔
دوسری جانب ناردرن بائی پاس عباس کٹ کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 27 سالہ ارمان نامی ڈاکو زخمی ہوا، جسے پولیس نے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تمام واقعات میں اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔ حکام کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی۔
















