ٹی 20 ورلڈ کپ تنازع: پی سی بی کا بھارتی دباؤ کے خلاف بنگلا دیش کا ساتھ دینے کا اعلان

بنگلا دیش کو مکمل حق حاصل ہے کہ وہ اپنی ٹیم بھارت نہ بھیجے: پی سی بی ذرائع
اپ ڈیٹ 07 جنوری 2026 03:14pm

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بھارت کے کسی بھی دباؤ یا کھیل کے ساتھ کھلواڑ کے خلاف بنگلا دیش کے ساتھ کھڑا ہوگا اور دیگر کرکٹ بورڈز کے ساتھ مل کر اس معاملے پر موقف اختیار کرے گا۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق بنگلا دیش کو مکمل حق حاصل ہے کہ وہ اپنی ٹیم بھارت نہ بھیجے، اور یہ فیصلہ سیکیورٹی خدشات کی بنیاد پر لیا گیا ہے۔

یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلا دیش کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچز بھارت سے منتقلی کی درخواست مسترد کر دی ہے اور بھارت میں نہ کھیلنے کی صورت میں پوائنٹس کٹ جائیں گے۔

تاہم بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے سربراہ امین اللہ اسلام نے اس افواہ کو جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی نے اب تک کوئی ایسا فیصلہ نہیں کیا اور نہ ہی کسی ہدایت یا پوائنٹس کی کٹوتی کا ذکر ہوا ہے۔

امین الاسلام نے مزید بتایا کہ آئی سی سی سے رابطے معمول کے مطابق ہیں اور بنگلا دیش کے کھلاڑی بھارت میں غیر محفوظ ہیں، اسی لیے نیوٹرل وینیو پر کھیلنے کی درخواست دی گئی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ جلد سیکیورٹی خدشات کی تفصیلات آئی سی سی کو بھیجے گا تاکہ معاملے کا حل نکالا جا سکے۔

ذرائع نے بتایا کہ پی سی بی ہر ممکنہ صورت میں دیگر بین الاقوامی کرکٹ بورڈز کے ساتھ مل کر اس معاملے کی نگرانی کرے گا اور کسی بھی غیر منصفانہ دباؤ کو ناکام بنانے کے لیے اقدامات کرے گا۔

ICC

Bangladesh

ICC T20 World Cup

bangladesh cricket board

PAKISTAN CRICKET BOARD (PCB)

T20 world cup 2026

bangladesh cricket team