ٹرمپ کی دھمکی: ڈنمارک اور گرین لینڈ کی امریکا سے بات چیت کی درخواست
ٹرمپ انتظامیہ کے گرین لینڈ پر قبضے سے متعلق تازہ بیانات نے یورپ اور نیٹو اتحادیوں میں بے چینی پیدا کر دی ہے۔ تاہم ڈنمارک اور گرین لینڈ نے امریکی حکام سے براہِ راست بات چیت کو ضروری قرار دیا ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق ڈنمارک اور گرین لینڈ نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کی درخواست کی ہے، جب کہ وائٹ ہاؤس نے دوبارہ کہا ہے کہ گرین لینڈ کے معاملے میں امریکی فوج ایک آپشن ہو سکتی ہے۔ یہ بیان صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے گرین لینڈ پر کنٹرول کے طویل مدتی مؤقف کا تسلسل ہے۔
ڈنمارک کی وزیراعظم میٹے فریڈرکسن کا کہنا تھا کہ صدر ٹرمپ کے بیانات کو سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر امریکا نے گرین لینڈ پر قبضے کی کوشش کی تو یہ نیٹو اتحاد کے خاتمے کے مترادف ہوگا۔
اے پی کے مطابق یورپی دفاعی تجزیہ کار ماریا مارٹیسئیوٹے نے کہا کہ ٹرمپ کی سخت اور دھمکی آمیز زبان ایک اتحادی ملک کی خود مختاری کے لیے خطرہ بن رہی ہے۔
گرین لینڈ کے وزیراعظم نے بھی امریکی قبضے کے مطالبات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ جزیرہ فروخت کے لیے نہیں۔ گرین لینڈ ڈنمارک کا خود مختارعلاقہ ہے اوراسی حیثیت سے نیٹو کا حصہ بھی ہے۔
فرانس، جرمنی، اٹلی، پولینڈ، اسپین اور برطانیہ کے رہنماؤں نے منگل کے روز ایک مشترکہ بیان میں گرین لینڈ کی خود مختاری کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ معدنی وسائل سے مالا مال یہ جزیرہ اس کے عوام کا ہے۔ بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ کسی بھی قسم کا دباؤ یا جبر نیٹو کے بنیادی اصولوں کے منافی ہوگا۔
اے پی کے مطابق صدر ٹرمپ طویل عرصے سے یہ مؤقف اختیار کیے ہوئے ہیں کہ چین اور روس کی آرکٹک خطے میں بڑھتی ہوئی سرگرمیوں کے باعث امریکا کو اپنی سلامتی یقینی بنانے کے لیے گرین لینڈ پر کنٹرول حاصل کرنا چاہیے۔ حالیہ دنوں میں وینزویلا میں امریکی فوجی کارروائی کے بعد یورپ میں ان خدشات میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
ڈنمارک کے وزیر خارجہ لارس لوکے راسموسن اور گرین لینڈ کی وزیر خارجہ ویویئن موٹسفیلڈ نے کہا ہے کہ انہوں نے قریبی مستقبل میں مارکو روبیو سے ملاقات کی باضابطہ درخواست کی ہے، تاہم ماضی میں اس نوعیت کی درخواستیں کامیاب نہیں ہو سکیں۔
امریکی سینیٹ کے نیٹو آبزرور گروپ کے ڈیموکریٹ اور ریپبلکن شریک چیئرمینز نے بھی ٹرمپ کے بیانات پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کو اپنے معاہداتی وعدوں کا احترام کرنا چاہیے۔ فرانسیسی وزیر خارجہ ژاں نوئل بارو نے بتایا کہ روبیو سے ٹیلیفونک گفتگو میں گرین لینڈ میں کسی وینزویلا طرز کی فوجی کارروائی کے امکان کو مسترد کیا گیا ہے۔















