عوام کے لیے خوشخبری، نیپرا نے فی یونٹ بجلی کی قیمت میں کمی کردی
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 62 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی ہے۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی کی منظوری دے دی ہے۔ نیپرا نے بجلی کی قیمت میں 62 پیسے فی یونٹ کمی کا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق صارفین کے نرخوں کی سالانہ نظرِ ثانی یکم جنوری سے مؤثر ہوگی۔ نیپرا نے جنوری 2025 سے دسمبر 2025 تک کے لیے بجلی کے صارفین کے نرخوں پر نظرِ ثانی کی ہے اور ٹیرف کو یکساں نرخ کی درخواست دائر کرنے کے لیے حکومت کو ارسال کر دیا گیا ہے۔
نیپرا کے مطابق سال 2026 کے لیے قومی اوسط بجلی نرخ 33 روپے 38 پیسے فی یونٹ مقرر کیا گیا ہے، جو پہلے سے طے شدہ 34 روپے فی یونٹ کے مقابلے میں 62 پیسے کم ہے۔ سال 2026 کے لیے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی مجموعی مالی ضرورت کا تخمینہ 3379 ارب روپے لگایا گیا ہے۔
دوسری جانب نیپرا نے نومبر کے فیول چارج ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) کی مد میں بجلی کی قیمت میں 93 پیسے فی یونٹ کمی کا بھی فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ صارفین کو اس کمی کا فائدہ جنوری کے بجلی کے بلوں میں ملے گا۔
اعلامیے کے مطابق یکساں ٹیرف کے تحت بجلی کی قیمت میں کمی کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت تمام ڈسکوز صارفین پر ہوگا، تاہم پروٹیکٹڈ، لائف لائن صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز اس فیصلے سے مستثنیٰ ہوں گے۔














