پاکستان کے آسمان پر نایاب منظر، سپارکو کا شائقین فلکیات کے لیے اعلان

فلکیات کے شوقین افراد کے لیے خوشخبری: آج مشتری زمین کے قریب ترین مقام پر ہوگا۔
اپ ڈیٹ 10 جنوری 2026 03:29pm

ترجمان سپارکو کے مطابق فلکیات کے شوقین افراد کے لیے آج ایک دلکش اور غیر معمولی فلکی مظہر دیکھنے کا موقع میسر آئے گا، جب سیارہ مشتری زمین کے سب سے قریب ترین مقام پر ہوگا۔ پاکستان میں یہ مظاہرہ شام 6 بج کر 34 منٹ پر دیکھا جا سکے گا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ مشتری غروبِ آفتاب کے فوراً بعد ظاہر ہوگا اور پوری رات آسمان پر موجود رہے گا۔ اس دوران یہ سیارہ معمول سے زیادہ بڑا اور نہایت چمکدار دکھائی دے گا۔

ترجمان سپارکو کا کہنا ہے کہ یہ سال کا سب سے روشن اور نمایاں فلکی منظر ہوگا، کیونکہ مشتری غروبِ آفتاب کے وقت طلوع ہوگا اور پوری رات آسمان میں موجود رہے گا۔ زمین کے قریب ہونے کی وجہ سے سیارہ مشتری عام دنوں کے مقابلے میں زیادہ بڑا اور غیر معمولی طور پر چمکدار دکھائی دے گا۔

ماہرینِ فلکیات کے مطابق اس دوران سیارہ مشتری برجِ جوزا میں موجود ہوگا اور اسے انسانی آنکھ سے باآسانی دیکھا جا سکے گا، جبکہ دوربین یا ٹیلی اسکوپ کے ذریعے اس کے مناظر مزید واضح ہو جائیں گے۔

سپارکو کے مطابق یہ شاندار فلکی مظاہرہ فلکیات کے طلبہ، ماہرین اور عام شہریوں کے لیے یکساں دلچسپی کا باعث ہوگا، تاہم ایسا موقع دوبارہ آئندہ سال ہی دیکھنے کو ملے گا۔

ماہرین نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ روشنی سے دور کھلی جگہوں کا انتخاب کریں تاکہ اس نایاب اور دلکش فلکی منظر سے بھرپور لطف اٹھایا جا سکے۔

پاکستان

سائنس

space

astronomy

Jupiter

suparco

Sky Watching