سپرمین کو دنیا سے متعارف کرانے والی نایاب پہلی کامک بُک ڈیڑھ کروڑ ڈالر میں فروخت

سپرمین کے بغیر، بیٹ مین یا دیگر سپر ہیرو کردار شاید آج تک تخلیق نہ ہوتے۔
شائع 12 جنوری 2026 12:23pm

ایک نایاب کامک بک، جس نے دنیا کو سپرمین سے متعارف کروایا اور جو کبھی مشہور اداکار نکولس کیج کے گھر سے چوری بھی ہو چکی تھی، حال ہی میں ریکارڈ قیمت 1.5 کروڑ ڈالرمیں فروخت ہو گئی۔

یہ فروخت گذشتہ ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ گئی، جو گزشتہ سال نومبر میں ایک اور سپرمین کامک بک 9.12 ملین ڈالریعنی تقریباً 91 لاکھ ڈالرمیں فروخت ہونے سے قائم ہوا تھا۔

یہ نایاب کامک بک، جس کا شمار ”ایکشن کامکس نمبر 1“ میں ہوتا ہے، 1938 میں صرف 10 سینٹ میں شائع ہوئی تھی۔

اس میں زیادہ تر کم معروف کرداروں کی کہانیاں شامل تھیں، لیکن چند صفحات میں سپرمین کی پیدائش، اس کا زمین پر سفر اور بالغ ہو کر اپنی طاقت کو انسانیت کی بھلائی کے لیے استعمال کرنے کا فیصلہ بیان کیا گیا۔

میٹروپولیس کولیکٹیبل، کومک کنیکٹ کے صدر ونسنٹ زورزولو کے مطابق، یہ کامک بک کمیونٹی میں انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ یہ کامک بک صرف ایک کہانی نہیں تھی، بلکہ اس کامک کی شائع ہونے کے بعد ’سپر ہیرو‘ صنف کی بنیاد پڑی اور آج کے تمام سپر ہیرو کردار اسی کا نتیجہ ہیں۔

سپرمین کے بغیر، بیٹ مین یا دیگر سپر ہیرو کردارشاید آج تک تخلیق نہ ہوتے۔

آج کے دور میں بھی صرف تقریباً 100 اصل کاپیاں موجود ہیں، جو اس کی نایابی اور تاریخی اہمیت کو ظاہر کرتی ہیں۔ ہر کاپی ایک چھوٹا سا خزانہ ہے، جو پاپ کلچر اور کامک بک کے شائقین کے لیے انتہائی قیمتی ہے۔

یہ کامک بک دو ہزارمیں نکولس کیج کے لاس اینجلس کے گھر سے چوری ہو گئی تھی، لیکن 2011 میں ایک شخص نے اسے جنوبی کیلیفورنیا کے پرانے اسٹوریج لاکر سے خریدنے کے دوران دریافت کیا اور واپس کیا۔ کیج نے اسے 1996 میں ایک لاکھ 50 ہزار ڈالر میں خریدا تھا اور واپس ملنے کے چھ ماہ بعد اسے نیلامی میں 22 لاکھ ڈالر میں فروخت کر دیا۔

میٹروپولیس کولیکٹیبلز کے سی ای او اسٹیفن فشلر کے مطابق، چوری نے اس کامک بک کی قدر میں غیر معمولی اضافہ کیا۔ انہوں نے اسے مونالیزا کی مشہور چوری کے ساتھ تشبیہ دی، جس نے اسے دنیا بھر میں ایک آئیکون بنا دیا۔ اسی طرح، ’ایکشن کامکس نمبر1‘ آج امریکی پاپ کلچر کی ایک اہم علامت بن چکی ہے۔

ہے نا عجیب بات کہ کبھی کبھی چھوٹی چیزیں وقت کے ساتھ نہ صرف قیمتی بن جاتی ہیں بلکہ ثقافتی اور تاریخی اہمیت بھی حاصل کر لیتی ہیں۔

Superhero

comic book

Record Sale

Pop Culture

Rare Collectible

Action Comics

Superman