گرین لینڈ کے حصول سے کم کسی چیز پر سمجھوتا نہیں کریں گے: صدر ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ گرین لینڈ گولڈن ڈوم میزائل ڈیفنس سسٹم کے لیے چاہیے، گرین لینڈ کے حصول سے کم کسی چیز پر سمجھوتا نہیں کریں گے، نیٹو ہمارے بغیر کچھ نہیں، نیٹو کو اس مقصد کی تکمیل کے لیے آگے آنا چاہیے، گرینڈ لینڈ ہم نہیں لیں گے تو روس یا چین لے جائے گا اور ایسا نہیں ہونے دیں گے۔
بدھ کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم سوشل ٹروتھ پر جاری بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کو قومی سلامتی کے مقاصد کے لیے گرین لینڈ کی ضرورت ہے اور یہ منصوبہ زیر تعمیر ’’گولڈن ڈوم‘‘ کے لیے انتہائی اہم ہے، جو ہم بنارہے ہیں۔
اپنے بیان میں امریکی صدر کا کہنا تھا کہ گرین لینڈ کے معاملے پر نیٹو کو امریکا کے لیے آگے آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر امریکا نے گرین لینڈ حاصل نہ کیا تو روس یا چین ایسا کر سکتے ہیں، جو کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگا۔
صدر ٹرمپ کے مطابق عسکری اعتبار سے امریکا کی وسیع طاقت کے بغیر نیٹو ایک مؤثر قوت یا دفاعی ڈھال ثابت نہیں ہو سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا کی فوجی طاقت، جسے انہوں نے اپنی پہلی مدتِ صدارت میں مضبوط کیا اور اب مزید بلند سطح تک لے جا رہے ہیں، نیٹو کی صلاحیت کے لیے ناگزیر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نیٹو اس حقیقت سے آگاہ ہے کہ امریکا کے بغیر اتحاد مؤثر نہیں رہ سکتا جب کہ گرین لینڈ امریکا کے کنٹرول میں ہونے کی صورت میں نیٹو کہیں زیادہ مضبوط اور مؤثر ہو جائے گا۔
امریکی صدر نے واضح کیا کہ گرین لینڈ کے معاملے میں اس سے کم کسی بھی صورتِ حال کو قابل قبول نہیں سمجھا جائے گا۔












