خیبرپختونخوا میں فورسز کی کارروائیاں، بھارتی حمایت یافتہ 13 دہشت گرد ہلاک

بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 8 جب کہ کرم میں 5 خوارج مارے گئے، آئی ایس پی آر
شائع 15 جنوری 2026 08:00pm

خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں بھارتی حمایت یافتہ 13 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں، بنوں میں کی گئی پہلی کارروائی میں 8 جب کہ کرم میں دوسری کارروائی کے دوران 5 خوارج مارے گئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 13 اور 14 جنوری 2026 کو خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز نے 2 الگ الگ کارروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بنوں میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طور پر نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 8 دہشت گرد مارے گئے۔

اسی طرح کرم میں سیکیورٹی فورسز نے ایک اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن انجام دیا، جس میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران 5 خوارج کو جہنم واصل کیا گیا۔

آئی آیس پی آر کے مطابق ہلاک خوارج کا تعلق بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج سے تھا، فائرنگ کے شدید تبادلے کے بعد خوارج کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں مزید خوارج کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی، عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف مہم پوری قوت سے جاری ہے اورملکی سلامتی کو لاحق ہر خطرے کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے بنوں اور کرم میں 2 کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کارروائیوں میں 13 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کی پزیرائی کی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں، قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج کے ساتھ کھڑی ہے، ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پر عزم ہیں۔

ISPR

security forces

خیبر پختونخوا

Bannu

Kurram

security forces operation

Fitna Al Khawarij

Inter Services Public Relations (ISPR)

Fitnah Al Khawarij

Fitna Al Hindustan

pakistan security forces operation

indian proxy