مستفیض الرحمان کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے خلاف قانونی کارروائی کریں گے؟

بھارتی کرکٹ بورڈ کی ہدایت پر فرنچائز کو انہیں اسکواڈ سے نکالنا پڑا تھا۔
اپ ڈیٹ 16 جنوری 2026 12:56pm

بنگلہ دیش کے مایہ ناز فاسٹ بولر مستفیض الرحمان نے کولکتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) سے غیر متوقع طور پر ریلیز کیے جانے کے خلاف قانونی کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اگرچہ انہیں اس حوالے سے باضابطہ احتجاج یا قانونی راستہ اختیار کرنے کی پیشکش کی گئی تھی، تاہم مستفیض الرحمان نے معاملے کو مزید آگے نہ بڑھانے کو ترجیح دی۔

کرکٹرز ویلفیئر ایسوسی ایشن آف بنگلہ دیش (سی ڈبلیو اے بی) کے صدر محمد متھن کے مطابق دنیا بھر کے کھلاڑیوں کی نمائندہ تنظیم ورلڈ کرکٹرز ایسوسی ایشن (ڈبلیو سی اے) نے اس معاملے پر گہری نظر رکھی ہوئی تھی اور کے کے آر کے فیصلے کے خلاف کارروائی کے امکانات موجود تھے، کیونکہ مستفیض کو ٹیم سے نکالنے کی وجہ کھیل یا انجری نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ، اس کے باوجود مستفیض الرحمان نے ذاتی طور پر کسی بھی قسم کی قانونی یا انتظامی لڑائی سے گریز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جس کے بعد سی ڈبلیو اے بی نے بھی احتجاج کا ارادہ ترک کر دیا۔

واضح رہے کہ مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل 2026 کے لیے کے کے آر نے 9 کروڑ 20 لاکھ بھارتی روپے میں منتخب کیا تھا، تاہم بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان بڑھتی ہوئی حالیہ کشیدگی کے باعث بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی ہدایت پر فرنچائز کو انہیں اسکواڈ سے نکالنا پڑا۔

اس فیصلے کے بعد مصطفیٰ آئی پی ایل 2026 میں معاہدہ حاصل کرنے والے واحد بنگلہ دیشی کھلاڑی بھی نہ رہے اور یوں رواں سیزن میں کوئی بھی بنگلہ دیشی کرکٹر آئی پی ایل میں نظر نہیں آئے گا۔

اس فیصلے کے خلاف بنگلہ دیش میں شدید ردِعمل سامنے آیا، جہاں حکومت نے آئی پی ایل کی نشریات معطل کر دیں، جبکہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے سیکیورٹی خدشات کے باعث آئی سی سی سے بھارت میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میچز کے مقامات تبدیل کرنے کی درخواست بھی کی ہے۔

ادھر کے کے آر کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کرنے یا نکالنے کا فیصلہ کھیل کی بنیاد پر کیا جاتا ہے، تاہم مستفیض الرحمان کے معاملے میں سامنے آنے والے حالات نے اس فیصلے کو متنازع بنا دیا۔ اس کے باوجود مستفیض نے تحمل اور خاموشی کا راستہ اختیار کرتے ہوئے معاملے کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔

kkr

IPL2026

mustafizur rahman

CWAB