سندھ پنجاب کے سرحدی علاقوں میں پولیس اور رینجرز کا آپریشن، 2 ڈاکو ہلاک

آپریشن کے دوران 2 ڈاکوؤں نے سرینڈر کردیا، گزشتہ 3 سال سے ڈاکوؤں کے قید میں موجود ایک مغوی بازیاب
شائع 18 جنوری 2026 06:02pm

سندھ پنجاب کے سرحدی علاقے ماچھکہ اور رونتی میں پولیس اور رینجرز کا کالولائی، شر اور اندھڑ گینگ کے خلاف آپریشن جاری ہے جب کہ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2 خطرناک ڈاکو مارے گئے ہیں۔

پولیس اور رینجرز کے آپریشن کے دوران 2 ڈاکوؤں نے سرینڈر کردیا جب کہ گزشتہ 3 سال سے ڈاکوؤں کے قید میں موجود ایک مغوی کو بازیاب کرالیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان کی شناخت تاحال نہ ہوسکی، جن کی لاشیں ملزمان اپنے ساتھ لے کر فرار ہوگئے، سرینڈر کرنے والے ملزمان میں محمد عیسیٰ اور بابو شر شامل ہیں جب کہ اب تک 13 ڈاکو ہتھیار ڈال چکے ہیں۔

اس کے علاوہ بازیاب ہونے والے بورے والا کے رہائشی محمد عبداللہ آرائیں کو تھانے منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سرحدی کچے کے علاقوں میں ملزمان سے فائرنگ کا تبادلہ تاحال جاری ہے اور دوران آپریشن ڈرون کی مدد سے علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کا تعاقب کیا جارہا ہے۔

پولیس کا مزید کہنا ہے کہ آپریشن میں جدید ٹیکنالوجی اور حکمت عملی کے ساتھ رینجرز کی بھارتی نفری بھی حصہ لے رہی ہے۔

دوسری جانب رونتی کچے کے علاقے میں بدنام زمانہ ڈاکو ثنو شر نے اپنے ویڈیو بیان میں ایس ایس پی گھوٹکی کو سنگین نتائج کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایس ایس پی گھوٹکی رات سے ڈرون کے ذریعے ہمارے گھر کے اوپر حملے کروا رہے ہیں۔

اس سے قبل راجن پور پولیس نے کچہ عمرانی، سکھانی اور کچہ کراچی کے علاقوں میں کچے کے ڈاکووں کیخلاف آپریشن کرتے ہوئے کئی ٹھکانے اور بنکرز مکمل تباہ کر دیے ہیں۔

ڈی پی او کے مطابق آپریشن کے دوران ڈاکوؤں کے ٹھکانوں پر ڈرون کے ذریعے گولہ باری کی گئی ، کارروائی کے دوران 11 ڈاکوؤں نے بھاری اسلحہ سمیت پولیس کے سامنے سرنڈر کردیا۔

انہوں نے کہا کہ گرفتار ڈاکو اغوا، قتل اور ڈکیتی کے درجنوں مقدمات میں مطلوب تھے، جنہیں قانون کے مطابق سخت سزائیں دی جائے گی۔

ڈی پی او کا مزید کہنا تھا کہ مزید کئی ڈاکوؤں نے بھی ہتھیار ڈالنے اور گرفتاری دینے کا اعلان کیا ہے۔

robbers

rangers

Sindh Police

Kacha Robbers

sindh punjab border

Kacha