نیوزی لینڈ نے پہلی بار بھارتی سر زمین پر ون ڈے سیریز جیت لی
نیوزی لینڈ نے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں بھارت کو 41 رنز سے شکست دے کر پہلی بار ون ڈے سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی ہے۔
اندور میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ون ڈے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 337 رنز کا پہاڑ جیسا اسکور کھڑا کیا، جس کے جواب میں بھارت ٹیم پورے اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 296 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔ ویرات کوہلی کی 54 ویں سنچری کے باوجود بھارت کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 41 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
اس فتح کے ساتھ ہی نیوزی لینڈ نے بھارتی سرزمین پر نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے پہلی بار 3 میچوں کی سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔ یاد رہے کہ پچھلے 37 سالوں میں نیوزی لینڈ کی ٹیم بھارت میں 7 ون ڈے سیریز ہار چکی تھی۔
میچ میں نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل اور گلین فلپس نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچریوں کی بدولت 200 سے زائد رنز کی شراکت قائم کی۔
ڈیرل مچل نے کیریئر کی بہترین اننگز کھیلتے ہوئے 137 رنز اسکور کیے، جو بھارت میں ان کی چوتھی سنچری تھی جب کہ گلین فلپس نے بھی بھرپور ساتھ دیا، جس نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ دونوں بیٹرز کی ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کے باعث نیوزی لینڈ نے 337 رنز کا بڑا ہدف کھڑا کیا۔
بھارت کی جانب سے ہدف کے تعاقب کا آغاز کمزور رہا، تاہم ویرات کوہلی نے 124 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ایک بار پھر ٹیم کو مقابلے میں واپس لانے کی کوشش کی۔ ان کی اننگز میں نتیش کمار ریڈی اور ہرشیت رانا کے ساتھ اہم شراکتیں بھی شامل رہیں، جس سے شائقین کو جیت کی امید نظر آنے لگی۔
تاہم نیوزی لینڈ کے بولر زیک فالکس نے بروقت وکٹیں حاصل کر کے بھارتی بیٹنگ کی رفتار توڑ دی اور میچ دوبارہ مہمان ٹیم کے حق میں چلا گیا۔ بھارت مطلوبہ ہدف حاصل نہ کر سکا اور 41 رنز سے میچ ہار گیا۔
نیوزی لینڈ کی نسبتاً جونیئر ٹیم کے آگے بھارتی سورماؤں کی قلعی کھل گئی، روہت شرما، شبمن گل اور کےایل راہول جیسے بڑے نام یکسر ناکام رہے اور اپنی ٹیم کو سیریز کی عبرتناک شکست سے نہ بچا سکے۔
اس سیریز کے اختتام کے بعد دونوں ٹیمیں اب 5 میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کھیلیں گی، جو آئندہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کا حصہ ہو گی۔
















