کراچی: صدر کوآپریٹو مارکیٹ کی چوتھی منزل پر فلیٹ میں آگ لگ گئی

آگ 7 منزلہ عمارت کی چوتھی منزل پر لگی، جس کے بعد فائر بریگیڈ کو طلب کرلیا گیا
اپ ڈیٹ 20 جنوری 2026 07:07pm

کراچی کے علاقے صدر میں واقع کوآپریٹو مارکیٹ کی چوتھی منزل پر فلیٹ میں آگ لگ گئی ہے۔

گل پلازہ کے بعد منگل کے روز کراچی میں آتشزدگی کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے، جہاں صدر میں واقع کوآپریٹو مارکیٹ کے فلیٹ میں آگ لگ گئی ہے۔ آگ 7 منزلہ عمارت کی چوتھی منزل پر لگی۔

آگ کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر ایک فائربرگیڈ کو طلب کیا گیا جس نے فوری پہنچ کر آگ پر قابو پایا، آگ لگنے کی وجہ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ فائر بریگیڈ کے پہنچنے سے قبل لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کی۔

واضح رہے کہ کراچی میں ہفتے کی رات ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ مارکیٹ میں لگنے والی آگ کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 27 ہوگئی ہے جب کہ 85 تاحال لاپتہ ہیں۔

گل پلازہ میں لگنے والی آگ کے باعث ہونے والے جانی نقصان کے باعث شہر قائد کی فضا سوگوار ہے، لوگ اب بھی اپنے پیاروں کی تلاش میں اسپتالوں کے چکر لگا رہے ہیں۔ ڈی این اے کے ذریعے لاشوں کے شناخت کرکے باقیات ورثا کے حوالے کی جارہی ہیں۔