رواں ہفتے کے آخری دن حساس ہیں: اسرائیل کی غیرملکی ایئرلائنز کو وارننگ

اسرائیلی فضائی حدود کی ممکنہ بندش سے نمٹنے کے لیے ہنگامی منصوبہ تیار کر لیا گیا، سربراہ اسرائیلی سول ایوی ایشن اتھارٹی
شائع 26 جنوری 2026 11:07am

تل ابیب کے بن گوریان ایئرپورٹ پر کام کرنے والی غیر ملکی ایئر لائنز کو اسرائیلی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اس ہفتے کے اختتام سے شروع ہونے والے حساس سکیورٹی دورانیے سے متعلق خبردار کر دیا ہے۔ یہ انتباہ ایران کے خلاف ممکنہ امریکی فوجی کارروائی کے خدشات کے پیش نظر کیا گیا ہے۔

اسرائیلی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سربراہ شموئیل زکائی نے ایئر لائنز کو بھیجے گئے پیغام میں کہا کہ ہفتے کے اختتام کی تعطیلات سے قبل ہم ایک حساس سیکیورٹی دورانیے میں داخل ہو رہے ہیں۔

شموئیل زکائی کا کہنا تھا کہ اتھارٹی نے اسرائیلی فضائی حدود کی ممکنہ بندش سے نمٹنے کے لیے ہنگامی منصوبہ تیار کر لیا ہے اور یہ منصوبہ پہلے جون 2024 اور 2025 میں بھی نافذ کیا جا چکا ہے۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ روانہ ہونے والی غیر ملکی پروازوں کو ترجیح دی جائے گی تاکہ ان کے محفوظ انخلاء کو یقینی بنایا جا سکے۔

یہ صورتحال ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسرائیلی فوج کے ریڈیو نے گزشتہ روز اطلاع دی کہ مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی تعیناتی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی ہے، جو جون کے مہینے میں ایران کے خلاف ہونے والی کارروائی کے بعد سب سے زیادہ ہے۔

اسرائیلی براڈکاسٹنگ اتھارٹی کے مطابق عسکری ادارے خطے میں امریکی افواج کی بڑھتی ہوئی موجودگی کا تجزیہ کر رہے ہیں، جو ایران میں حکومت کے تختہ الٹنے یا تہران پر دباؤ ڈال کر سابق صدر اوباما کے معاہدے سے بہتر معاہدہ حاصل کرنے کے لیے وسیع پیمانے پر فوجی کارروائی کا پلیٹ فارم ہو سکتی ہے۔

امریکی ذرائع کے مطابق صدر ٹرمپ کے پاس تہران کے حوالے سے تمام اختیارات موجود ہیں، جن میں فوری اور فیصلہ کن حملے شامل ہیں۔