کراچی: شیرپاؤ کالونی کے گودام میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا

فائر بریگیڈ کی 5 گاڑیوں نے ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا، کولنگ کا عمل جاری
اپ ڈیٹ 26 جنوری 2026 04:13pm

کراچی کے علاقے شیرپاؤ کالونی میں فوم کے ایک گودام میں لگنے والی شدید آگ پر قابو پالیا گیا ہے، جس کے بعد اب کولنگ کا عمل جاری ہے۔

ریسکیو اور فائر بریگیڈ حکام کے مطابق تیزی سے پھیلنے کے باعث اِسے تیسرے درجے کی آگ قرار دیا گیا تھا، جس پر اب قابو پایا جاچکا ہے۔

حکام کے مطابق گودام میں موجود فوم اور دیگر آتش گیر مواد کے باعث آگ پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی مختلف فائر اسٹیشنز سے متعدد فائر ٹینڈرز موقع پر پہنچے، ریسکیو آپریشن میں فائربریگیڈ کی 5 گاڑیوں نے حصہ لیا۔

آگ کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے اطراف کی عمارتوں کو بھی محفوظ بنانے کی کوشش کی گئی۔ تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی اور مالی نقصان کے بارے میں بھی حتمی اندازہ نہیں ہے۔

پولیس اور متعلقہ ادارے علاقے میں حفاظتی اقدامات کر رہے ہیں جبکہ شہریوں کو متاثرہ مقام سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کی جائیں گی۔