اداکارہ لائبہ خان کے مدینہ میں نکاح کی تصاویر وائرل

لائبہ خان کا نکاح مسجد نبوی میں ہوا تھا۔
اپ ڈیٹ 28 جنوری 2026 01:22pm

پاکستان کی مشہور نوجوان اور خوبرو اداکارہ لائبہ خان نے مدینہ میں اپنے نکاح کی تصاویر کے بعد دعائے خیر کی تصاویر بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کی ہیں۔

لائبہ کی نکاح کی تقریب نجی اور پرسکون ماحول میں مسجد نبوی میں منعقد ہوئی۔

نکاح کے دن لائبہ نے سادہ سفید عبایا زیب تن کیا، جس پر نفیس گولڈ ڈبکا ورک کیا گیا تھا۔

ان کے لباس کے ساتھ ایک خوبصورت سرخ نکاح دوپٹہ بھی تھا، جس پر ان کے شوہر کا نام کندہ تھا۔ انہوں نے اس موقع کی تصاویر کے ساتھ کیپشن لکھا:
”جواد کی دلہن“۔

اگرچہ لائبہ نے اپنے شوہر کی تصاویر شیئر نہیں کیں، لیکن انہوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مداحوں کو بتایا، ”بسم اللہ ، ایک دعا کا قبول ہونا، ایک وعدہ پورا ہونا۔ ہمارا نکاح، اللہ پاک کی لکھی ہوئی، امن اور برکت کے شہر میں۔ ہمیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔ ماشاءاللہ الحمد للہ۔“

لائبہ خان کی شادی کی تقریبات کا آغاز دعا ئے خیر سے ہوا۔

اس موقع پر انہوں نے نرم ماؤو پنک انارکلی زیب تن کی، جس پر نفیس گولڈ اور تلا ورک کیا گیا تھا۔

ان کے برائیڈل لک کو گولڈ موتی کا لاکٹ، جھومر اور جھمکے کے ساتھ مکمل کیا گیا، جبکہ بال کھلے اور نرم کرلز میں اسٹائل کیے گئے تھے۔

مکمل اسٹائلنگ زکیہ روقیہ سیلون نے کی، جس نے ان کے دلکش انداز کو چار چاند لگا دیے۔

ان کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں اور مداحوں نے ان کے اسٹائل اور شاندار لک کی خوب تعریف کی۔

لائبہ خان کو سب سے زیادہ شہرت کفارہ سے حاصل ہوئی، جس نے 2024 میں تقریباً 2 ارب ویوز حاصل کیے اور ایک ریکارڈ قائم کیا۔ اس کے علاوہ ان کے مشہور ڈرامے ’آفت‘، ’آس پاس‘، ’ہمراز‘ اور ’بےلگام‘ بھی شائقین میں بے حد پسند کیے گئے۔ حال ہی میں ہٹ ڈرامہ سیریز ’مہرہ‘ میں بھی ان کی پرفارمنس کو مداحوں نے خوب سراہا۔

چند ماہ قبل لائبہ نے ایک انٹرویو میں یہ بتایا تھا کہ وہ اگرچہ کئی معروف ناموں کے ساتھ کام نہیں کر پائیں، مگر اپنے کیریئر سے مطمئن ہیں اور شادی کے بعد اپنی ذاتی زندگی پر توجہ دینا چاہتی ہیں۔

لائبہ کی بہن ایمان خان بھی پاکستان کی کامیاب اداکارہ ہیں اور بچپن سے اداکاری کے شعبے سے وابستہ ہیں۔

ان کی شادی کی تقریبات جاری ہیں اور آنے والے دنوں میں مزید تصاویر اور خوشیوں بھرے لمحات منظر عام پر آئیں گے۔