دبئی: دنیا کی پہلی ’گولڈ اسٹریٹ‘ کا اعلان، تعمیر میں سونا استعمال ہوگا

سونے کی سڑک دبئی کے نئے تجارتی مرکز 'گولڈ ڈسٹرکٹ' میں قائم کی جائے گی
شائع 28 جنوری 2026 09:05pm

دبئی نے دنیا کی پہلی ’گولڈ اسٹریٹ‘ کی تعمیر کرنے کا اعلان کیا ہے جو دِیرہ کے علاقے میں واقع دبئی گولڈ ڈسٹرکٹ میں قائم کی جائے گی۔

دبئی گولڈ اسٹریٹ کا منصوبہ ’اِثراء دبئی‘ کی جانب سے متعارف کرایا گیا ہے۔ جو دبئی حکومت کی ملکیت میں کام کرنے والا ریئل اسٹیٹ اور سرمایہ کاری کا ادارہ ہے۔

ادارے کے مطابق دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں اور خریداروں کے لیے پُر کشش بنانے کے لیے اس گولڈ اسٹریٹ کو سونے سے تعمیر کیا جائے گا۔

اس منصوبے کا مقصد سونے کی تجارت کے لیے ایک ایسا ’ایکو سسٹم‘ بنانا ہے جہاں ریٹیل، ہول سیل اور سرمایہ کاری سب ایک ہی جگہ پر موجود ہوں تاہم اس کے ڈیزائن اور تعمیر سے متعلق تفصیلات گی فی الحال جاری نہیں کی گئی ہیں۔

گلف نیوز کے مطابق اس منصوبے کا باضابطہ اعلان ایک تقریب میں کیا گیا، جس میں دبئی کی اہم سرکاری اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔

دبئی گولڈ ڈسٹرکٹ میں ایک ہزار سے زائد ریٹیل آؤٹ لیٹس قائم کیے گئے ہیں، جن میں سونا، زیورات، عطر، کاسمیٹکس اور لائف اسٹائل مصنوعات شامل ہیں۔ گولڈ اسٹریٹ کو الگ سیاحتی مقام کا درجہ دینے کے بجائے ڈسٹرکٹ کے مجموعی تجارتی ڈھانچے کے ساتھ ہم آہنگ کیا جائے گا۔

رپورٹ کے مطابق دبئی گولڈ ڈسٹرکٹ میں عالمی سطح پر خریداروں اور تاجروں کی دلچسپی میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

سال 2025 کے دوران 147 سے زائد ممالک کے افراد نے یہاں کا دورہ کیا جبکہ گولڈ اسٹریٹ منصوبے سے دبئی کی سونے کی تجارت کو مزید وسعت ملنے کی توقع ہے۔

گولڈ ڈسٹرکٹ میں بین الاقوامی سیاحوں، خریداروں اور تجارتی شراکت داروں کی سہولت کے لیے چھ ہوٹلوں میں ایک ہزار سے زائد کمروں کی سہولت موجود ہے۔ بگ بس سیاحتی سروس کے روٹس کو بھی دبئی گولڈ ڈسٹرکٹ تک توسیع دی گئی تھی، جس سے زائرین کے لیے اس علاقے تک رسائی مزید آسان ہو گئی ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب متحدہ عرب امارات دنیا کے بڑے ’فزیکل گولڈ ٹریڈنگ‘ مراکز میں اپنی نمایاں حیثیت برقرار رکھے ہوئے ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2024 اور 2025 کے دوران یو اے ای نے تقریباً 53 ارب 41 کروڑ ڈالر مالیت کا سونا برآمد کیا، جس میں سوئٹزرلینڈ، برطانیہ، بھارت، ہانگ کانگ اور ترکی اہم تجارتی شراکت دار رہے۔

اثراء دبئی کا کہنا ہے کہ گولڈ اسٹریٹ کی تعمیر کے شیڈول اور تکنیکی خصوصیات سے متعلق مزید تفصیلات مرحلہ وار جاری کی جائیں گی۔