گُل پلازہ کا ملبہ اٹھانے میں سنگین غفلت، نشے کے عادی ہاتھ صاف کرنے لگے
گُل پلازہ کے ملبے کی منتقلی کے دوران انتظامیہ کی سنگین غفلت کھل کر سامنے آ گئی ہے، جہاں نگرانی نہ ہونے کے باعث نشے کے عادی افراد بھی ہاتھ صاف کرنے لگے ہیں۔ اربوں روپے مالیت کے سریا اور دیگر قیمتی سامان کو بغیر نمبر پلیٹ والے کھلے ڈمپروں میں منتقل کیا جا رہا ہے، جس نے شفافیت، تحفظ اور عوامی سلامتی پر سنجیدہ سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق گُل پلازہ کے ملبے میں موجود سریا اور دیگر دھاتی اشیاء کھلے ڈمپروں میں لاد کر مختلف مقامات کی جانب لے جائی جا رہی ہیں، جہاں نہ کوئی مناسب نگرانی نظر آتی ہے اور نہ ہی سیکیورٹی کے انتظامات۔ اسی دوران نشے کے عادی افراد نے بھی صورتحال کا فائدہ اٹھانا شروع کر دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک نشے کا عادی شخص چلتے ہوئے ڈمپر سے سریا نکالتا ہے اور موقع سے فرار ہو جاتا ہے۔
ویڈیو میں یہ بھی دکھائی دیتا ہے کہ ڈمپر کھلا ہوا ہے اور اس پر کسی قسم کی حفاظتی پابندی موجود نہیں، جس سے چوری اور حادثات کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ کھلے ڈمپروں میں ملبے کی منتقلی کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے، کیونکہ بھاری لوہے اور ملبے کے سڑکوں پر گرنے سے ٹریفک حادثات کا خدشہ موجود ہے۔













