آپریشن ضرب للحق: ہلاک افغان طالبان کی تعداد 684 ہوگئی، 912 زخمی، متعدد چوکیاں اور توپ خانے تباہ

دو روزہ کارروائیوں میں افغان طالبان کا بھاری جانی و عسکری نقصان پہنچا ہے۔
اپ ڈیٹ 15 مارچ 2026 07:36pm

پاک فوج نے افغان طالبان اور فتنہ الخارج کو دو روزہ کارروائی کے دوران بڑے پیمانے پر جانی اور عسکری نقصان پہنچایا ہے۔ آپریشن ضرب للحق کے تحت 14 اور 15 مارچ کو مختلف محاذوں پر زمینی اور فضائی آپریشن کیے گئے۔

وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کے مطابق دو روزہ کارروائیوں کے دوران 684 افغان طالبان جنگجو ہلاک ہوئے جبکہ افغان طالبان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 912 دہشتگرد زخمی ہوئے۔ ان کارروائیوں کے دوران پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے سرحدی علاقوں میں موجود متعدد عسکری تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا۔

پاک فوج نے کارروائیوں کے دوران افغان طالبان کی 252 چوکیوں کو تباہ کیا جبکہ 44 چوکیوں پر قبضہ کیا۔

عطاء اللہ تارڑ نے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ آپریشن کے دوران بھاری ہتھیاروں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ کارروائیوں کے نتیجے میں 229 ٹینکس، بکتر بند گاڑیاں اور توپیں تباہ کی گئیں۔

اسی دوران فضائی کارروائیوں میں 73 دہشت گرد مارے گئے۔

وزیر اطلاعات کے مطابق پاک فوج نے چترال میں ملحقہ پاک افغان سرحد پر افغان طالبان کی بادانی پوسٹ کو چھوٹے اور بڑے ہتھیاروں سے نشانہ بناکر تباہ کردیا ہے۔

قبل ازیں، سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ بادانی پوسٹ کو مختلف زمینی ہتھیاروں اور کواڈ کاپٹرز کے ذریعے مکمل تباہ کیا گیا ہے، جس کے نتیجے میں پوسٹ مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

افغان طالبان اورفتنہ الخوارج کوبلا اشتعال جارحیت کے بعد ہر محاذ پر بھرپور پسپائی کا سامنا ہے، سیکیورٹی فورسز کا آپریشن غضب للحق اپنے مقررہ اہداف کے حصول تک جاری رہے گا اور سرحدی علاقوں میں سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے مزید اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔