ترکیہ: ایران کے لیے جاسوسی کے الزام پر ایرانی شہری سمیت 6 افراد گرفتار
ترک حکام نے ایران کے لیے جاسوسی کے الزام میں چھ افراد کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ترکیہ کے سرکاری میڈیا نے اس خبر کی تصدیق کی ہے۔
ترکیہ کے سرکاری میڈیا ٹی آر ٹی کے مطابق سیکیورٹی اداروں نے ایران کے لیے جاسوسی کے الزام میں ایک ایرانی شہری اور پانچ ترک شہریوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترک حکام کے مطابق یہ کارروائیاں استنبول کے چیف پبلک پراسیکیوٹر آفس کی ہدایت پر کی گئیں۔ استنبول پولیس کے محکمہ انسدادِ دہشت گردی اور قومی خفیہ ادارے (ایم آئی ٹی) نے پانچ صوبوں میں کارروائیں کرکے ان افراد کو گرفتار کیا۔
ترک حکام کا دعویٰ ہے کہ ملزمان ایران کے اسلامی انقلابی گارڈز (پاسدارانِ انقلاب) کے انٹیلی جنس افسران سے براہِ راست رابطے میں تھے۔
حکام کے مطابق گرفتار افراد نے ترکیہ کی اہم فوجی تنصیبات سے متعلق حساس معلومات جمع کیں، جن میں جنوبی صوبے آدانا میں واقع انجرلیک ایئر بیس بھی شامل ہے جہاں نیٹو کی افواج بھی موجود ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اس گروہ نے انجرلیک ایئر بیس کے گرد نگرانی اور ریکی کی اور دوسرے ممالک میں جاسوسی کے لیے لاجسٹک معاونت بھی فراہم کی۔
زیرحراست افراد پر یہ بھی الزام ہے کہ انہوں نے ترکیہ اور دیگر ممالک میں موجود دیگر اہم مقامات سے متعلق بھی معلومات اکٹھی کیں۔ گرفتار افراد نے دیگر ممالک میں جاسوسی کے لیے ترکیہ کے راستے ڈرونز کی اسمگلنگ میں بھی کردار ادا کیا اور تمام خفیہ معلومات براہِ راست ایرانی انٹیلی جنس حکام تک پہنچائیں۔
حکام نے بتایا کہ استنبول، وان، سامسون، یالووا اور انقرہ میں بیک وقت کی گئی کارروائی کے نتیجے میں تمام ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ترک میڈیا کے مطابق قانونی کارروائی کے بعد ملزمان کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں انہیں سیاسی اور عسکری جاسوسی کے الزامات کے تحت جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا۔
واضح رہے کہ ترکیہ نیٹو کا ایک اہم رکن ملک ہے جس کے کئی اہم فوجی اڈے امریکی فوج بھی استعمال کرتی رہی ہے۔ دوسری جانب ایران یہ کہہ چکا ہے کہ وہ امریکا کے ممکنہ حملوں کی صورت میں خطے میں موجود امریکی اڈوں کو نشانہ بنائے گا۔
ترک وزیرِ خارجہ کا دورۂ ترکیہ
ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی جمعے کے روز ترکیہ کا دورہ کریں گے جہاں وہ اپنے ترک ہم منصب حاکان فیدان سے ملاقات کریں گے۔
ترک میڈیا نے وزارت خارجہ کے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ کے دورۂ ترکیہ میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ملاقات میں دونوں ملکوں کے تعلقات، ایران کی حالیہ صورتحال، علاقائی سلامتی سے متعلق امور، غزہ جنگ بندی اور شام سے متعلق معاملات بھی زیرِ غور آئیں گے۔
















