بھارت میں فضائی آلودگی بے قابو، کھلاڑی ماسک پہن کر کھیلنے پر مجبور

ممبئی میں رانجی ٹرافی کا میچ، کرکٹرزماسک پہن کران ایکشن
شائع 30 جنوری 2026 11:50am

بھارت میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی نے کھیلوں کو بھی متاثر کرنا شروع کر دیا ہے، ممبئی میں رانجی ٹرافی کے ایک میچ کے دوران کھلاڑی ماسک پہن کر میدان میں ایکشن میں نظر آئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق میچ کے دوران فضاء میں آلودگی کی سطح اس قدر زیادہ تھی کہ کھلاڑیوں کو احتیاطاً چہرے ڈھانپنا پڑے۔

رپورٹس کے مطابق ممبئی کے علاقے باندرا کرلا کمپلیکس میں واقع کرکٹ گراؤنڈ کے اطراف جاری تعمیراتی کاموں کے باعث گرد و غبار اور آلودگی میں مزید اضافہ ہوا، جس سے کھلاڑیوں اور آفیشلز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بعض کھلاڑیوں نے دورانِ کھیل سانس لینے میں دقت کی شکایت بھی کی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ مسلسل آلودہ فضا میں کھیلنے سے کھلاڑیوں کی صحت متاثر ہو سکتی ہے، خصوصاً سانس اور پھیپھڑوں سے متعلق مسائل پیدا ہونے کا خدشہ رہتا ہے۔ اس صورتحال نے آنے والے بین الاقوامی مقابلوں کے حوالے سے بھی تشویش میں اضافہ کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ سات فروری سے شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل سمیت مجموعی طور پر سات میچز ممبئی میں شیڈول ہیں۔

فضائی آلودگی کی موجودہ صورتحال کے باعث ان میچز کے انتظامات اور کھلاڑیوں کی صحت سے متعلق سوالات بھی اٹھنے لگے ہیں، تاہم اس حوالے سے تاحال منتظمین کی جانب سے کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔