عالیہ بھٹ سوشل میڈیا سے کیوں دور ہونا چاہتی ہیں؟

عالیہ بھٹ فلم ’لو اینڈ وار‘ میں رنبیر کپور کے ساتھ اسکرین شیئر کریں گی۔
شائع 31 جنوری 2026 11:54am

بولی ووڈ کی معروف اداکارہ عالیہ بھٹ نے انکشاف کیا ہے کہ وہ کئی بار سوشل میڈیا سے مکمل طور پر کنارہ کشی اختیار کرنے کا سوچتی ہیں، مگر کچھ وجوہات ایسی ہیں جو انہیں ایسا کرنے سے روک لیتی ہیں۔

عالیہ بھٹ عام طور پر سوشل میڈیا پر کافی متحرک رہتی ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں اسکوائر انڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو ماں بننے کے بعد اپنی زندگی میں آنے والی بڑی تبدیلیوں پر کھل کر بات کی ہے۔

اداکارہ کا کہنا ہے کہ بیٹی راہا کی پیدائش کے بعد نہ صرف ان کی ترجیحات بدلی ہیں بلکہ سوشل میڈیا کے ساتھ ان کا رشتہ بھی پہلے جیسا نہیں رہا۔

انہوں نے کہا کہ بعض دن ایسے ہوتے ہیں جب وہ یہ سوچتی ہیں کہ وہ اپنے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس ڈیلیٹ کر دیں اور صرف اداکاری تک خود کو محدود رکھیں۔

عالیہ کے مطابق، ’کئی بار دل چاہتا ہے کہ میں وہ اداکارہ بن جاؤں جو صرف اپنا کام کرتی ہے اور بار بار خود کو ایکسپوز نہیں کرتی، لیکن پھر احساس ہوتا ہے کہ ایسا کرنے سے اُن لوگوں سے رابطہ ختم ہو جائے گا جنہوں نے شروعات سے میرا ساتھ دیا ہے اور میں یہ نہیں چاہتی۔‘

اداکارہ نے یہ بھی اعتراف کیا کہ ماں بننے کے بعد ذاتی زندگی کو پرائیویٹ رکھنا پہلے سے کہیں زیادہ مشکل ہو گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اب ان کے موبائل اور فوٹو البمز زیادہ تر بیٹی راہا کی تصاویر سے بھرے ہوتے ہیں، اس لیے انہیں سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے لیے تصاویر چنتے وقت خاصی احتیاط اور محنت کرنی پڑتی ہے۔

عالیہ نے بتایا کہ ماں بننے کے سفر نے نہ صرف ان کی روزمرہ زندگی بلکہ ان کے سوچنے کا انداز بھی بدل دیا ہے۔ اب وہ ہر چیز کو ایک مختلف نظر سے دیکھتی ہیں اورچاہتی ہیں کہ ان کی توجہ کا زیادہ تر محوران کی فیملی رہے۔

واضح رہے کہ عالیہ بھٹ نے اداکار رنبیر کپور کے ساتھ اپریل 2022 میں شادی کی تھی۔ اسی سال نومبر میں ان کی بیٹی راہا کپور کی پیدائش ہوئی۔

رنبیر اور عالیہ نے دسمبر 2023 میں کرسمس کے موقع پر پہلی بار راہا کے ساتھ عوامی تقریب میں شرکت کر کے مداحوں کو خوشگوار حیرت میں مبتلا کیا تھا۔

کام کے محاذ پر عالیہ بھٹ آنے والے دنوں میں کئی بڑے پراجیکٹس میں نظر آئیں گی۔ وہ جلد ہی ایکشن فلم ’الفا‘ میں اداکارہ شرواری واگھ اور بوبی دیول کے ساتھ جلوہ گر ہوں گی۔ فلم کی ریلیز رواں سال متوقع ہے۔

اس کے علاوہ عالیہ بھٹ فلم ’لو اینڈ وار‘ میں وکی کوشل اور رنبیر کپور کے ساتھ اسکرین شیئر کریں گی۔

اس فلم کی ہدایت کاری مشہور فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی کر رہے ہیں۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ عالیہ اور رنبیر اس سے قبل فلم ’برہماستر‘ میں ایک ساتھ کام کر چکے ہیں، جبکہ ’لو اینڈ وار‘ ان دونوں کی دوسری مشترکہ فلم ہوگی۔