بھارت اب ایران کے بجائے وینزویلا سے تیل خریدے گا: ٹرمپ

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم یہ معاہدہ پہلے ہی کر چکے ہیں، کم از کم معاہدے کا تصور طے پا چکا ہے۔
شائع 01 فروری 2026 09:27am

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہفتے کے روز دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اب ایران کے بجائے وینزویلا سے تیل خریدے گا۔

صدر ٹرمپ نے یہ بات واشنگٹن ڈی سی سے فلوریڈا جاتے ہوئے ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہی۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم یہ معاہدہ پہلے ہی کر چکے ہیں، کم از کم معاہدے کا تصور طے پا چکا ہے۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایک روز قبل امریکا نے نئی دہلی کو بتایا تھا کہ وہ روسی تیل کی درآمدات کے متبادل کے طور پر جلد ہی وینزویلا سے تیل کی خریداری دوبارہ شروع کر سکتا ہے۔

اس معاملے سے واقف تین افراد نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ یہ اقدام بھارت کی توانائی ضروریات پوری کرنے میں مدد کے لیے زیر غور ہے۔

رائٹرز کے مطابق بھارت کو وینزویلا کا خام تیل فراہم کرنے کی امریکی کوششیں اس تناظر میں کی جا رہی ہیں کہ واشنگٹن روس کی تیل آمدنی کو کم کرنا چاہتا ہے، جو یوکرین کے خلاف جنگ میں روس کی مالی معاونت کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے گزشتہ برس مارچ میں وینزویلا سے تیل خریدنے والے ممالک، جن میں بھارت بھی شامل ہے، پر 25 فیصد محصولات (ٹیرف) عائد کیے تھے۔

صدر ٹرمپ نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ چین بھی امریکا کے ساتھ وینزویلا کا تیل خریدنے کے لیے معاہدہ کرنے کا خواہش مند ہو سکتا ہے اور اس کا خیرمقدم کیا جائے گا۔