انڈر 19 ورلڈ کپ: بھارت کا پاکستان کو جیت کے لیے 253 رنز کا ہدف
آئی سی سی انڈر 19 مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے سپر سکسز مرحلے کے اہم ترین میچ میں بھارت نے پاکستان کو جیت کے لیے 253 رنز کا ہدف دیا ہے۔
زمبابوے کے شہر بلاوائیو میں کھیلے جارہے انڈر 19 مینز ورلڈ کپ کے اہم میچ میں پاکستان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارت کی ٹیم 49.5 اوورز میں 252 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
بھارت کی بیٹنگ
بھارت کی جانب سے ایرون جارج اور ویبھو سوریا ونشی نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں بیٹرز نے ٹیم کو 47 رنز کا آغاز فراہم کیا، جس کے بعد بھارتی ٹیم پاکستانی بولرز کے دباؤ میں آگئی اور ابتدائی پاور پلے میں 3 وکٹیں 47 رنز پر گر گئیں۔
سوریا ونشی اور کپتان مھاترے کو صیام نے ایک ہی اوور میں آؤٹ کیا جب کہ بھارت کو تیسرا نقصان بھی 47 رنز پر ہی ہوا ایرون کی صورت میں ہوا جنہیں عبدالسبحان نے کلین بولڈ کیا۔
ویبھو سوریا ونشی 30 آیوش مہاترے صفر جب کہ آرون جارج 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ 109 کے اسکور پر بھارت کے چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ویہان ملھوترا تھے جو 41 رنز بنا کر احمد حسین کی گیند پر ان ہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
مشکل حالات میں ویدانت ترویدی نے ٹیم کو سہارا دیا اور 98 گیندوں پر 68 رنز اسکور کیے۔ ان کی اننگز میں 2 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا جب کہ ویہان ملہوترا نے 21 اور ابھیگیان ابھیشک کنڈو نے 16 رنز بنائے۔
اننگز کے آخری مرحلے میں کنشک چوہان نے 29 گیندوں پر 35 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جب کہ خیلان پٹیل نے 15 گیندوں پر 21 رنز بنا کر اسکور کو 250 سے آگے پہنچایا۔
پاکستان کی جانب سے عبدالصبحان سب سے نمایاں بولر رہے جنہوں نے 9.5 اوورز میں 33 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد صیام نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں جب کہ احمد حسین، مومن قمر، علی حسن بلوچ اور علی رضا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس طرح بھارتی ٹیم پورے 50 اوورز بھی نہ کھیل سکی اور 49.5 اوورز میں 252 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی اور یوں پاکستان کو جیت کے لیے 253 رنز کا ہدف مل گیا۔
میچ کا ٹاس
پاکستان بھارت کی ٹیمیں انڈر 19 مینز کرکٹ ورلڈ کپ کے سپر سکسز مرحلے کے اہم ترین میچ میں مبابوے کے شہر بلاوائیو میں مدمقابل ہیں، جہاں پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔ پاکستان ٹیم کی قیادت فرحان یوسف کررہے ہیں اور بھارتی ٹیم ایوش مہاترے کی کپتانی میں میدان میں اتری ہے۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ٹیم بھرپور کارکردگی دکھانے کی کوشش کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ بولرز نے گزشتہ میچ میں عمدہ بولنگ کی، ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور ہدف یہ ہے کہ بھارت کو بڑے مارجن سے شکست دی جائے۔
پاکستان کا اسکواڈ
پاکستان کی ٹیم میں فرحان یوسف (کپتان)، حمزہ ظہور (وکٹ کیپر)، سمیر منہاس، عثمان خان، احمد حسین، حذیفہ احسن، محمد شایان، عبد السبحان، مومن قمر، محمد سیام، علی رضا، عمر زیب، علی حسن بلوچ، دانیال علی خان، نقاب شفیق شامل ہیں۔
بھارت کا اسکواڈ
بھارتی ٹیم میں ایوش مہاترے (کپتان)، ایرون جارج، ویبھاؤ سوری وشنشی، ویدانت ترودے، وِہان مَلھوترا، ابھیگین کُنڈو (وکٹ کیپر)، کانشک چوہان، آر ایس امبریش، کھیلان پٹیل، ہینل پٹیل، اُدھَو موہن، ہروَنش پنگالیا، محمد اینان، دیپیش دیوینڈرَن، کشان کمار سنگھ شامل ہیں۔
پاکستان کو انڈر 19 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں جانے کے لیے بھارت کو بڑے مارجن سے شکست دینا ہو گی، اگر بھارت پاکستان انڈر 19 ٹیم کو کسی بھی مارجن سے مات دیتا ہے تو سیدھا سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔
آسٹریلیا، انگلینڈ اور افغانستان کی ٹیمیں پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہیں اور پاکستان کی جیت کی صورت میں بھارت اور پاکستان دونوں کے 6، 6 پوائنٹس ہو جائیں گے، اس صورت میں بہتر رن ریٹ والی ٹیم سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گی۔
یاد رہے کہ پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے 253 رنز کا ہدف 33.3 اوورز میں حاصل کرنا ہوگا، اگر ایسا نہیں ہوسکا تو پاکستانی ٹیم سیمی فائنل کی دوڑ اور یونٹ سے باہر ہوجائے گی۔
















