یوکرین میں مزدوروں کی بس پر روسی ڈرون حملہ، 15 کان کن ہلاک
یوکرین میں روس کی جانب سے ڈرون حملوں کا سلسلہ جاری ہے، تازہ واقعے میں مزدوروں کو لے جانے والی ایک بس کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں پندرہ کان کن ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔
یوکرینی حکام کے مطابق حملہ اس وقت کیا گیا جب بس کان کنوں کو کام کے لیے لے جا رہی تھی۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
اسی علاقے میں واقع ایک اسپتال کو بھی روسی ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے باعث چھ افراد زخمی ہو گئے۔ اسپتال پر حملے کے بعد امدادی سرگرمیوں میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
یوکرینی صدر نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔
صدر کا کہنا تھا کہ شہریوں اور طبی مراکز کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
حکام کے مطابق ڈرون حملوں کے بعد سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، جبکہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔














