قطر میں ہیلی کاپٹر حادثے میں 6 افراد کی ہلاکت کی تصدیق
قطر کے سمندری علاقے میں ایک فوجی ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوا جس کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ آخری شخص کی تلاش کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔
قطر کی وزارتِ داخلہ کی جانب سے ایکس پر پریس ریلیز جاری کی گئی ہے جس میں بتایا گیا کہ سمندر میں گر کر تباہ ہونے والے ہیلی کاپٹر میں کُل 7 افراد سوار تھے، جن میں سے 6 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ آخری شخص کی تلاش کا سلسلہ جاری ہے۔
وزارتِ داخلہ نے مرحومین کے اہل خانہ کے ساتھ اپنی دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
قطری حکومت کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثہ اتوار کی صبح پیش آیا جو معمول کی پرواز کے دوران تکنیکی خرابی کا شکار ہوا، جس کے باعث وہ ریاستی سمندری حدود میں گر کر تباہ ہو گیا۔
قطر کی وزارتِ دفاع نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پہلے بیان میں کہا تھا کہ ہیلی کاپٹر کو دورانِ ڈیوٹی اچانک فنی خرابی پیش آئی، جس کے نتیجے میں یہ حادثہ رونما ہوا۔
بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ ہیلی کاپٹر میں سوار عملے اور مسافروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا تھا۔
یاد رہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے آغاز کے بعد قطر کو بھی کئی حملوں کا سامنا رہا ہے، تاہم حکام نے اس ہیلی کاپٹر حادثے کو امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر کیے گئے حملوں کے بعد شروع ہونے والے تنازع سے جوڑنے سے گریز کیا ہے۔














اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔