بھارت جس زبان میں بات کرے گا اسی میں جواب دیں گے: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کو واضح پیغام دیا ہے کہ پاکستان اپنی شہ رگ کشمیر کے تحفظ کے لیے ہر حد تک جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جس زبان میں بات کرے گا، اسے اسی زبان میں بھرپور جواب دیا جائے گا۔
وزیراعظم نے معرکہ حق کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اس جنگ میں ذلت آمیز شکست کھا چکا ہے اور اب اپنی خفت مٹانے کے لیے مختلف گروہوں کے ذریعے دہشت گردی پھیلا رہا ہے، لیکن جب تک بھارت اپنی ناپاک سازشیں ترک نہیں کرتا، خطے میں امن کا خواب پورا نہیں ہو سکتا۔
کشمیر اور فلسطین کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے اصولی موقف پر سختی سے قائم ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں میں چھپا ہے اور بھارت کے پاس کشمیریوں کو ان کا حق اور آزادی دینے کے سوا اب کوئی دوسرا راستہ نہیں بچا۔
شہباز شریف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مظلوم کشمیریوں کا بہنے والا خون ایک دن ضرور رنگ لائے گا اور پاکستان عسکری و سفارتی ہر محاذ پر بھارت کے جھوٹے بیانیے کو بے نقاب کرتا رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان امن کا خواہشمند ہے لیکن یہ امن صرف برابری اور انصاف کی بنیاد پر ہی ممکن ہے۔
وزیراعظم نے اپنے خطاب میں کشمیریوں کے لیے ریلیف کا اعلان کرتے ہوئے مہاجرین کا ماہانہ وظیفہ 3 ہزار روپے سے بڑھا کر 6 ہزار روپے کر دیا ہے، جبکہ آزاد کشمیر کے باصلاحیت طلبہ کے لیے خصوصی انڈومنٹ فنڈز جاری کرنے کی بھی ہدایت کی۔
انہوں نے بیرسٹر سلطان محمود کی وفات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کشمیر کاز کو معرکہ حق نے ایک نئی زندگی بخشی ہے جسے اب کوئی طاقت دبا نہیں سکتی۔














