عمران خان کی میڈیکل رپورٹ سامنے آگئی، کیا انکشاف ہوا؟
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین عمران خان کی میڈیکل رپورٹ سامنے آ گئی ہے، جس میں جس میں سابق وزیر اعظم کے علاج کے بارے میں بتایا گیا ہے۔
جمعے کو پمز اسپتال نے سابق وزیراعظم عمران خان کے علاج سے متعلق میڈیکل رپورٹ اڈیالہ جیل حکام کے حوالے کردی ہے، جس میں بانی پی ٹی آئی نے دائیں آنکھ میں نظر کم ہونے کی شکایت کی ہے۔
پمز رپورٹ کے مطابق پمز کے سینئر اور مستند ماہر امراضِ چشم نے اڈیالہ جیل میں عمران خان کی مکمل آنکھوں کا معائنہ کیا، معائنے کے بعد دائیں آنکھ میں سنٹرل ریٹینل وین اوکلوژن کی تشخیص کی گئی اور اسپتال میں فالو اَپ علاج کی سفارش کی گئی، بانی پی ٹی آئی عمران خان کو ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب اسپتال منتقل کیا گیا۔
اسپتال میں مریض کو اینٹی وی جی ایف دوا کے ذریعے آنکھ کے اندر انجیکشن دینے کا منصوبہ بتایا گیا، مریض کو علاج کی مکمل تفصیل سمجھائی گئی، طریقہ علاج سے قبل مریض سے تحریری رضامندی حاصل کی گئی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انجیکشن کا عمل آپریشن تھیٹر میں مکمل کیا گیا، اس پروسیجر کا دورانیہ 20 منٹ کا تھا۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر بتایا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے علاج کے حوالے سے اپوزیشن لیڈر نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھا، پی ٹی آئی رہنما سپریم کورٹ بھی گئے، وزیراعظم ہاؤس کی ہدایت پر پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو تفصیلی رپورٹ بھیج دی ہے، جو بانی پی ٹی آئی کی فیملی کے بھی حوالے کردی گئی ہے۔
یاد رہے کہ اس حوالے سے قائدِ حزبِ اختلاف محمود خان اچکزئی نے وزیراعظم کو خط لکھ کر عمران خان کی صحت کے معاملے پر تشویش کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ ان کا مکمل اور شفاف طبی معائنہ اہل خانہ اور ذاتی معالج کی موجودگی میں کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک بنیادی انسانی حقوق کا مسئلہ ہے اور ریاست کی ذمہ داری ہے کہ قیدی کو مناسب طبی سہولیات فراہم کرے۔
قبل ازیں، راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے بانی پی ٹی آئی کے میڈیکل چیک اپ سے متعلق درخواست کی سماعت کی کی۔
ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے بتایا کہ عمران خان کا میڈیکل چیک اپ پاکستان پرزن رولز کے مطابق کروایا گیا ہے اور بشریٰ بی بی اور ان کو جیل رولز کے تحت میڈیکل سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔













