ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل بھارت کو بڑا دھچکا: اہم کھلاڑی ٹورنامنٹ سے باہر
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل ہی بھارتی کرکٹ ٹیم کو بڑا دھچکا لگا ہے، فاسٹ بولر ہرشیت رانا میگا ایونٹ سے باہر ہوگئے ہیں جب کہ ان کی جگہ محمد سراج کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے فاسٹ بولر ہرشیت رانا کے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 سے باہر ہو نے کی تصدیق کردی ہے۔
بی سی سی آئی کے مطابق ہرشیت رانا 4 فروری 2026 کو جنوبی افریقا کے خلاف وارم اپ میچ کے دوران گھٹنے کی انجری کا شکار ہوئے تھے جس کے باعث وہ میگا ایونٹ میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔
ڈاکٹروں سے مشاورت اور اسکینز کے بعد بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم نے ہرشیت رانا کو ٹورنامنٹ کے لیے فٹ قرار نہیں دیا۔ ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔
بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ ہرشیت رانا کی جگہ فاسٹ بولر محمد سراج کو بھارتی اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ 20 ٹیموں پر مشتمل ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کا آغاز کل سے ہوگا اور یہ ٹورنامنٹ 8 مارچ تک جاری رہے گا۔















