بھارت سے میچ: بات ماننے پر سری لنکا کا پاکستان سے اظہارِ تشکر
سری لنکا کے وزیر خارجہ وجیتھا ہیراتھ نے پاکستان کے دو طرفہ تعلقات اور کھیلوں میں تعاون پر خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں وزیر خارجہ وجیتھا ہیراتھ نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور پاکستان کے اسپورٹس حکام کے تعاون کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ یہ قدم اسپورٹس مین اسپرٹ، دوستی اور پاکستان و سری لنکا کے مضبوط دوطرفہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
سری لنکن وزیر خارجہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور پاکستانی اسپورٹس حکام کے کردار کو بھی قابل تعریف قرار دیا اور کہا کہ ان کی کوششوں سے کھیلوں کے شعبے میں دوستانہ تعلقات کو فروغ ملا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم پاکستان اور صدرِ سری لنکا کے درمیان حال ہی میں ٹیلیفونک گفتگو ہوئی تھی، جس میں دونوں رہنماؤں نے یاد دلایا کہ مشکل حالات میں پاکستان اور سری لنکا ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے سری لنکن صدر کے جذبات کا خیر مقدم کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بھی مشکل ادوار میں سری لنکا نے بھرپور ساتھ دیا، پاکستان میں کرکٹ جاری رکھی،حال ہی میں بھی سری لنکن ٹیم نے پاکستان کا دورہ منسوخ نہ کرکے پاکستانی قوم اور کرکٹ شائقین کیلئے ایک ناقابل فراموش اقدام اٹھایا۔
خیال رہے کہ دوست ممالک کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے نتائج کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے قومی کرکٹ ٹیم کو بھارت کے خلاف شیڈول میچ کھیلنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔














