ٹی 20 ورلڈ کپ: نیوزی لینڈ نے یو اے ای کو 10 وکٹوں سے ہرادیا

کیویز نے 174 رنز کا ہدف 15.2 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔
شائع 10 فروری 2026 06:13pm

آئی سی سی میز ٹی 20 ورلڈ کپ کے گیارہویں میچ میں نیوزی لینڈ نے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کو 10 وکٹوں کے بڑے مارجن سے شکست دے کر میگا ایوٹ میں مسلسل دوسری فتح اپنے نام کرلی ہے۔

چنئی میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ میں گروپ ڈی کے میچ میں یو اے ای نے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز اسکور کیے، جس کے جواب میں کیویز نے 174 رنز کا ہدف 15.2 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا۔

یو اے ای کی بیٹنگ

یو اے ای نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم پہلی وکٹ 12 رنز پر گرنے کے بعد کپتان محمد وسیم اور علی شان شرفو نے یو اے ای کے لیے 107 رنز کی ریکارڈ شراکت قائم کی۔

یو اے ای کی جانب سے کپتان محمد وسیم نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست 66 رنز بنائے جب کہ علی شان شرافو نے 55 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی۔ مایانک کمار نے 21 رنز کا اضافہ کیا جب کہ دیگر بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری نے 2 جب کہ جیکب ڈفی، مچل سینٹنر، لوکی فرگیوسن اور گلین فلپس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس طرح یو اے ای کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے اور نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 174 رنز کا ہدف دیا۔

نیوزی لینڈ کی بیٹنگ

یو اے ای کے 174 رنز کے جواب میں نیوزی لینڈ کے اوپنرز ٹم سیفرٹ اور فن ایلن نے شاندار آغاز فراہم کیا اور یو اے ای کے بولرز کو کسی قسم کا موقع نہ دیا۔

ٹم سیفرٹ نے 42 گیندوں پر ناقابل شکست 89 رنز بنائے، جس میں 12 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے جب کہ فن ایلن نے 50 گیندوں پر 84 رنز اسکور کیے۔

دونوں اوپنرز نے پہلی وکٹ کے لیے 175 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی اور ٹیم کو باآسانی فتح سے ہمکنار کیا۔

یو اے ای کی جانب سے کوئی بھی بولر وکٹ حاصل نہ کرسکا تاہم حیدر علی نے نسبتاً بہتر بولنگ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 27 رنز دیے۔

اس طرح نیوزی لینڈ نے 174 رنز کا ہدف 15.2 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے پورا کرکے یو اے ای کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی اور میگا ایونٹ میں مسلسل دوسری فتح اپنے نام کرلی۔

یاد رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ نے اپنے پہلے میچ میں افغانستان کو باآسانی 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔