لیڈی ڈیانا اتنی خوبصورت کیسے دکھائی دیتی تھیں؟ہیئر ڈریسر کا انکشاف

ان کی جلد نرم اور رنگت روشن تھی، جسے اکثر 'انگلش گلاب' کہا جاتا ہے۔
شائع 11 فروری 2026 01:06pm

دہائیوں بعد بھی لیڈی ڈیانا اپنی سدا بہاراور قدرتی خوبصورتی کی وجہ سے آج بھی لوگوں کے لیے آئیڈیل بنی ہوئی ہیں۔ اب ان کے سابق ہیئر ڈریسررچرڈ ڈالٹن نے شہزادی کی روزمرہ بیوٹی روٹین اور قدرتی حسن کے بارے میں کچھ دلچسپ انکشافات کیے ہیں کہ وہ کیسے بغیر کسی بھاری میک اپ کے ہر موقع پر دلکش اور پرکشش دکھائی دیتی تھیں؟

رچرڈ ڈالٹن نے ڈیانا کے ساتھ ایک دہائی سے زیادہ کام کیاہے ۔ انہوں نے نے ڈیانا کے حسن کے راز اپنی کتاب میں شیئر کیے ہیں۔ان کے مطابق شہزادی زیادہ تر مواقع پر کسی پروفیشنل میک اپ آرٹسٹ پر انحصار نہیں کرتیں۔

جب بھی وہ ان کے بال اسٹائل کرتے، ڈیانا خود اپنا میک اپ لگانا پسند کرتی تھیں۔ صرف خاص مواقع، جیسے سرکاری پورٹریٹس یا فیملی فوٹو شوٹس پر ہی انہوں نے بیوٹی ایکسپرٹس کی مدد لی۔ یہ خود انحصاری ان کی سادگی اور منفرد انداز کی عکاسی کرتی ہے۔

رچرڈ ڈالٹن کے لیے سب سے زیادہ متاثر کن بات ڈیانا کی جلد کی قدرتی چمک تھی۔ ان کی جلد نرم اور رنگت روشن تھی، جسے اکثر ”انگلش گلاب“ کہا جاتا ہے اور انہیں زیادہ فاؤنڈیشن یا بھاری مصنوعات کی ضرورت نہیں پڑتی تھی۔

حالانکہ اس زمانے کی دیگر عوامی شخصیات اکثر بھاری میک اپ کا سہارا لیتی تھیں، لیکن ڈیانا کی خوبصورتی ان کی قدرتی چمک اور صحت مند جلد سے نمودار ہوتی تھی۔

ڈیانا سادگی کی دیوانی تھیں۔ لیکن ان کے کچھ معمولات بھی تھے۔ وہ ہلکی آئی لائنرپینسل سے اپنی آنکھوں کو نمایاں کرتی اور ہونٹوں کے لیے بولڈ رنگوں کے بجائے نرم شیڈز کو ترجیح دیتی تھیں۔

رچرڈ نے یاد کرتے ہوئے بتایا کہ کب کب وہ ان کا آئی لائنر لگانے کے دوران بالوں کے اسٹائل کے خراب ہونے کا خدشہ محسوس کرتے، لیکن ڈیانا نے یہ کام بڑے قابو اور مہارت سے انجام دیا۔

رچرڈ ڈالٹن کے مطابق ڈیانا کا حسن فطری خوبصورتی پر مبنی تھا۔ اسٹائلسٹز اور مشیروں کی ٹیم کے باوجود، انہوں نے کبھی اپنی شخصیت کو میک اپ کے پردے میں نہیں چھپایا۔

ان کا دوستانہ، خود اعتماد رویہ انہیں ایک متاثر کن شخصیت بناتا تھا۔ یہی سادگی اور محتاط انداز ان کے منفرد اسٹائل کی پہچان تھی۔

لیڈی ڈیانا نے کم سے کم میک اپ اور سادگی کے ساتھ دنیا پر راج کیا اور آج بھی یہ ہر اس عورت کے لیے رہنمائی اور مثال ہے جو اپنی نیچرل بیوٹی کو نکھارنا چاہتی ہے۔