نیپرا نے 300 یونٹ ماہانہ تک کے گھریلو صارفین پر بھی فکسڈ چارجز لگادیے
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے 300 یونٹ ماہانہ تک کے گھریلو صارفین پر بھی فکسڈ چارجز لگا دیے ہیں جب کہ اس سے زائد یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے فی یونٹ بجلی سستی کردی گئی ہے۔
نیپرا نے فکسڈ چارجز کے حوالے سے پاور ڈویژن کی درخواست پر فیصلہ جاری کرتے ہوئے فکسڈ چارجز پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ صارفین پر عائد کیے ہیں۔
قبل ازیں صرف 300 سے زائد یونٹ والے نان پروٹیکٹڈ صارفین یہ فکسڈ چارجز عائد تھے مگر اب 300 یونٹ والے پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ دونوں پر فکسڈ چارجز عائد کردیے گئے ہیں۔
نیپرا نوٹیفکیشن کے مطابق ماہانہ 100 یونٹ استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین پر 200 روپے اور ماہانہ 200 یونٹ استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین پر 300 روپے فکسڈ چارجز عائد کیے گئے ہیں۔ اسی طرح 100 یونٹ تک کے نان پروٹیکٹڈ صارفین پر 275 روپے جب کہ ماہانہ 200 یونٹ تک کے نان پروٹیکٹڈ صارفین پر 300 روپے فکسڈ چارجز لگائے گئے ہیں۔
ماہانہ 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین پر 350 روپے فکسڈ چارجز، ماہانہ 301 سے 400 یونٹ تک نان پروٹیکٹڈ صارفین پر فکسڈ چارجز 200 روپے سے بڑھا کر 400 روپے کردیے گئے ہیں، اسی طرح ماہانہ 401 سے 500 یونٹ استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین کے لیے فکسڈ چارجز 400 سے بڑھا کر 500 روپے کردیے گئے ہیں۔
نیپرا نے ماہانہ 600 یونٹ استعمال پر فکسڈ چارجز 75 روپے اضافے سے 675 روپے کر دیے ہیں، ماہانہ 700 یونٹ تک استعمال پر فکسڈ چارجز 125 روپے کمی سے 675 روپے مقرر کیے گئے ہیں جب کہ ماہانہ 700 یونٹ سے زائد بجلی استعمال پر فکسڈ چارجز 325 روپے کمی سے 675 روپے مقرر کردیے گئے ہیں۔
نیپرا فیصلے میں کہا گیا کہ صنعتی صارفین کے لیے فی یونٹ بجلی 4 روپے 40 پیسے سستی کر دی گئی ہے، ماہانہ 301 سے 400 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے 1 روپے 53 پیسے کمی کردی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت بجلی کے حوالے سے نئے ٹیرف کا حتمی نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔
















