ٹی 20 ورلڈ کپ: نمیبیا کے خلاف پاکستان ٹیم میں اہم تبدیلیوں کا امکان
آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کے ہاتھوں شرمناک شکست کے بعد نمیبیا کے خلاف آخری گروپ میچ میں پاکستان ٹیم میں تبدیلیوں کا امکا ہے، قومی ٹیم کے سینئر کھلاڑیوں بابراعظم اور شاہین شاہ آفریدی کو شامل نہ کیے جانے کا امکان ہے۔
گزشتہ روز ٹی 20 ورلڈ کپ کے ہائی وولٹیج ٹاکرے میں بھارت کے ہاتھوں 61 رنز کے بڑے مارجن سے ہار کے بعد پاکستانی کیمپ میں ہلچل مچ گئی اور قومی ٹیم مینجمنٹ سر جوڑ کر بیٹھ گئی۔
ذرائع کے مطابق ٹیم مینجمنٹ سینئر کھلاڑیوں کے ورلڈ کپ کے میچز میں پرفارم نہ کرنے پر مایوس ہے اور سینئر کھلاڑیوں کو ڈراپ کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق نمیبیا کے خلاف آخری گروپ میچ میں بابراعظم اور شاہین شاہ آفریدی کو ٹیم میں شامل نہ کیے جانے کا امکان ہے۔
نمیبیا کے خلاف بدھ کو ہونے والے میچ میں قومی ٹیم میں دو سے تین تبدیلیاں متوقع ہیں اور سینئر کھلاڑیوں کی جگہ بینچ اسٹرنتھ کو موقع دینے پرغور شروع کردیا گیا ہے جب کہ ٹیم مینجمنٹ خواجہ نافع، نسیم شاہ اور سلمان مرزا کو فائنل الیوں میں شامل کرسکتی ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان ٹیم ورلڈ کپ میں آخری گروپ میچ 18 فروری کو نمیبیا کے خلاف کھیلے گی اور یہ میچ ڈو اینڈ ڈائی کی صورت اختیار کرگیا ہے کیوں کہ پاکستان کو سپر ایٹ مرحلے تک رسائی کے لیے نمیبیا سے میچ جیتنا ضروری ہے۔
پاکستان اور نمیبیا کا میچ بارش کی نذر ہوجائے تب بھی پاکستان سپر ایٹ میں پہنچ جائے گا لیکن ہار کی صورت میں پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ سے باہر ہوجائے گا جب کہ نیٹ رن ریٹ بہتر ہونے کی وجہ سے امریکا کے ساتھ سپر ایٹ مرحلے میں پہنچ جائے گا جب کہ بھارت پہلے ہی سپر ایٹ کے لیے کوالیفائی کرچکا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کولمبو میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ کے 27 ویں میچ میں بھارت کے ہاتھوں پاکستان کو 61 رنز کے بڑے مارجن سے عبرتناک شکست ہوئی تھی۔
پاکستان کی دعوت پر بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ایشان کشن کی 77 رنز کی جارحانہ اننگز کی بدولت 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 175 رنز بنائے، جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم کا کوئی بلے باز زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا اور پوری ٹیم 18 اوورز میں 114 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
بھارت کے خلاف میچ میں پاکستان کا اسپن اٹیک مشکلات کا شکار رہا، ابرار احمد نے 3 اوورز میں 38 رنز دیے جب کہ شاداب خان نے اپنے واحد اوور میں 17 رنز دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے۔
















