لائیو اسٹریمنگ کے دوران بیوٹی فلٹر غائب، انفلوئنسر تقریباً ڈیڑھ لاکھ فالوورز کھو بیٹھی
سوشل میڈیا کی دنیا میں حال ہی میں ایک دلچسپ اور سبق آموز واقعہ پیش آیا جب ایک چینی خاتون انفلوئنسر کی لائیو اسٹریم کے دوران بیوٹی فلٹر میں خرابی آگئی اور اس کا اصل چہرہ سامنے آ گیا۔ اس کے فورا بعد انفلوئنسر کے تقریباً ڈیڑھ لاکھ فالوورز کم ہوگئے۔
چار سیکنڈ کی وائرل کلپ میں دکھایا گیا کہ فلٹر اچانک بند ہونے کے بعد انفلوئنسر اپنی اصلی شکل میں نظر آئیں، جس میں جلد کی قدرتی ساخت اور عمر کے اثرات واضح تھے۔ چند لمحوں میں فلٹر دوبارہ فعال ہو گیا اور وہ بالکل روشن اور چھوٹے چہرے والی شکل اختیار کر گئیں۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فلٹر کے ختم ہوتے ہی انفلوئنسر کا چہرہ نوجوان پرکشش لڑکی سے ایک پختہ عمرکی خاتون کی شکل میں بدل جاتا ہے۔
فلٹر فیل ہونے کا یہ لمحہ صارفین نے بڑی تیزی سے شیئر کیا اور اس کے ساتھ یہ دعویٰ بھی سامنے آیا کہ انفلوئنسر کے فالوورز میں زبردست کمی واقع ہوئی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کے ردعمل بھی سامنے ائے۔ کچھ نے اسے فالوورز کے ساتھ دھوکہ دینے کے مترادف قرار دیا، جبکہ بہت سے صارفین نے انفلوئنسر کی غیر فلٹر شدہ شکل کو زیادہ خوبصورت اور قدرتی قرار دیا۔
یہ واقعہ بیوٹی فلٹرز کے منفی اثرات، آن لائن شہرت اور اصلیت کے بڑھتے مطالبے پر بھی روشنی ڈالتا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ اصلیت طویل مدتی حمایت پیدا کرتی ہے، جبکہ مصنوعی خوبصورتی عارضی توجہ ہی دلا سکتی ہے۔
ماہرین نے بھی کہا، ”دنیا ظاہری خوبصورتی کے حق میں زیادہ جانبدار ہے، اسی لیے لوگ فلٹرز کا سہارا لیتے ہیں تاکہ اپنی اصلی شناخت پر تنقید کا سامنا نہ کرنا پڑے۔“
یہ واقعہ 2019 میں پیش آنے والے ایک مشابہ واقعے کی یاد دلاتا ہے، جب اسٹریمَر ”Your Highness Qiao Biluo“ کا بیوٹی فلٹر اچانک بند ہو گیا اور ان کی اصل عمر سامنے آئی، جو کہ 58 سال تھی۔















