غزہ بورڈ آف پیس میں شمولیت پر پاکستان کی حمایت کو سراہتے ہیں: مارکو روبیو

وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان واشنگٹن ڈی سی میں ملاقات ہوئی
شائع 20 فروری 2026 08:20am

امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ انہوں نے واشنگٹن ڈی سی میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں معدنیات، انسدادِ دہشت گردی اور دوطرفہ اسٹریٹجک تعلقات سمیت اہم امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ ملاقات خوشگوار اور تعمیری ماحول میں ہوئی، جس میں پاک امریکا تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان معدنی وسائل کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور سرمایہ کاری کے فروغ پر بھی بات چیت ہوئی۔

مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے انسدادِ دہشت گردی کے شعبے میں باہمی تعاون ناگزیر ہے، اور اس حوالے سے پاکستان کے کردار کو اہمیت حاصل ہے۔

انہوں نے اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

امریکی وزیر خارجہ نے بورڈ آف پیس میں شمولیت کے حوالے سے پاکستان کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جانب سے امن کے قیام کے لیے کی جانے والی کوششیں قابلِ قدر ہیں۔

۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکا خطے میں پائیدار امن اور مشترکہ مفادات کے فروغ کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بورڈ آف پیس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےغزہ کے لیے 10 ارب ڈالر فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اس سے قبل غزہ بورڈ آف پیس کے پہلے اجلاس سے خطاب میں صدر ٹرمپ  نے ایک بار پھر پاکستان کی تعریف کی اور وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کیا تھا۔