ٹی 20 ورلڈ کپ سپر 8: جنوبی افریقا نے بھارت کا غرور خاک میں ملادیا

بھارتی ٹیم 188 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ناکام رہی اور میچ 76 رنز سے ہار گئی۔
شائع 22 فروری 2026 10:09pm

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں جنوبی افریقا نے بھارتی غرور خاک میں ملا دیا، سپر ایٹ مرحلے کے گروپ ون کے میچ میں بھارت کو ہوم گراؤنڈ پر 76 رنز کے بڑے مارجن سے عبرتناک شکست دے دے، احمد آباد میں بیٹرز کی گھن گھرج کے بعد پروٹیز بولرز نے بھارتی بیٹنگ لائن کا جنازہ نکال دیا۔

احمد آباد میں کھیلے جارہے ٹی 20 ورلڈ کپ میں گروپ ون کے میچ میں جنوبی افریقا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز اسکور کیے تاہم 188 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارت ٹیم 19 ویں اوورز میں 111 رنز بناکر ڈھیر ہوگئی۔

جنوبی افریقا کی بیٹنگ

بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ درست ثابت نہ ہوا اور جنوبی افریقا کی ابتدائی تین وکٹیں صرف 20 کے اسکور پر گر گئیں، جس کے بعد تجربہ کار ڈیوڈ ملر نے ڈیوالڈ بریوس کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ پر 97 رنز کی زبردست پارٹنرشپ قائم کی اور ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔

پروٹیز کی جانب سے ڈیوڈ ملر 3 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 35 گیندوں 63 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ ڈیوالڈ بریوس 45، رائن رکلٹن سات، کوئنٹن ڈی کاک چھ، کپتان ایڈن مارکرم چار اور مارکو جینسن دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ ٹرسٹن اسٹبز 44 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔

بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ نے عمدہ بولنگ کی بدولت 15 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں جب کہ ارشدیپ سنگھ نے 2، ورون چکرورتی اور شیوم ڈوبے نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس طرح جنوبی افریقا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے اور بھارت کو جیت کے لیے 188 رنز کا ہدف دیا۔

بھارت کی بیٹنگ

جنوبی افریقا کے 188 رنز کے جواب میں ابتدا سے ہی بھارتی بیٹرز کے ہاتھ پاؤں پھول گئے، بھارت کی بیٹنگ لائن ابتدا سے ہی لڑکھڑا گئی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں۔

بھارت کی جانب سے شیون ڈوبے کے علاوہ کوئی بیٹر خاطرخواہ مزاحمت نہ کر سکا، انہوں نے 42 رنز کی اننگز کھیلی، ان کے علاوہ کوئی بھی بھارتی بلے باز قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکا۔

اس کے علاوہ ہاردک پانڈیا اور کپتان سوریاکمار یادیو 18،18 رنز بنا سکے جب کہ ابھیشیک شرما نے 15 اور واشنگٹن سندر نے 11 رنز بنائے۔

بھارتی ٹیم کے چھ بلے باز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے، تلک ورما، ارشدیپ سنگھ ایک، ایک، رنکو سنگھ، ایشان کشن اور جسپریت بمراہ صفر کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

جنوبی افریقا کی جانب سے مارکو یانسن نے چار، کیشور مہاراج نے  تین، کوربن بوش نے دو جب کہ ایڈن مارکرم نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس طرح بھارت کی مضبوط بیٹنگ لائن ہدف کا کامیابی سے تعاقب کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو گئی اور پوری ٹیم صرف 111 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور یوں جنوبی افریقا نے میچ 76 رنز سے اپنے نام کرلیا اور سپر ایٹ مرحلے کے گروپ ون میں فاتحانہ آغاز کردیا۔

جنوبی افریقا کے خلاف شکست کے ساتھ ہی بھارتی ٹیم کی ٹی 20 ورلڈ کپ میں مسلسل فتوحات کے سلسلے کو بریک لگ گیا۔

میچ کا ٹاس

بھارت کے شہر احمد آباد میں نریندرا مودی اسٹیڈیم کھیلے جارہے ٹی 20 ورلڈ کپ کے 43 ویں میچ میں جنوبی افریقی کپتان ایڈن مارکرم نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

اس موقع پر جنوبی افریقی کپتان ایڈن مارکرم نے کہا کہ پچ بیٹنگ کے لیے بہت اچھی لگ رہی ہے کوشش کریں گے بڑا ٹوٹل بناکر بھارت پر دباؤ ڈالیں۔

بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو نے کہا کہ ٹاس جیتتے تو ہم بھی پہلے بیٹنگ ہی کرتے، بھارتی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

اس سے قبل پالی کیلے میں کھیلے گئے سپر ایٹ مرحلے میں گروپ ٹو کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے سری لنکا کو 51 رنز سے شکست دی تھی۔