پی ایس ایل 11: شاداب خان کا ہوا میں ڈائیو لگا کر شاندار کیچ، ویڈیو وائرل

پاکستان سپر لیگ کے 16 میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔
شائع 09 اپريل 2026 05:30pm

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2026 کے 16 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے لاہور قلندرز کے بلے باز عبداللہ شفیق کا ایک حیرت انگیز کیچ لے کر شائقین کرکٹ کو دنگ کر دیا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر بھی اس کیچ کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں پی ایس ایل 2026 کے پہلے مرحلے کے کامیاب انعقاد کے بعد ایونٹ کا دوسرا مرحلہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم منتقل ہو گیا، جہاں آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان اہم مقابلہ کھیلا گیا۔

میچ کے پانچویں اوور میں شاداب خان کی شاندار فیلڈنگ نے کھیل کا رخ بدل دیا۔ اس اوور کی دوسری گیند پر عبداللہ شفیق نے عماد وسیم کی گیند پر چھکا جڑ دیا تاہم اگلی ہی گیند پر عبداللہ شفیق نے بڑی شاٹ کھیلنے کی کوشش کی لیکن گیند بلے کے نچلے حصے پر لگی اور مڈ آف کی جانب گئی، جہاں شاداب خان نے برق رفتاری سے آگے بڑھتے ہوئے فل لینتھ ڈائیو لگائی اور شاندار کیچ تھام لیا۔

امپائر نے کیچ کو چیک کرنے کے بعد آؤٹ قرار دیا کیوں کہ گیند مکمل طور پر شاداب کے کنٹرول میں رہی اور زمین کو نہیں چھوئی۔

میچ کے دوران شاداب خان کے اس شاندار کیچ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی، جہاں شائقین نے ان کی فیلڈنگ کو خوب سراہا جب کہ اس کو ایونٹ کا بہترین کیچ قرار دیا جانے لگا۔

دوسری جانب پاکستان سپرلیگ 11 میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ میں مسلسل تیسری فتح حاصل کرلی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کی جانب سے دیا گیا 101 رنز کا ہدف 10.2 اوورز میں پورا کرلیا۔ ڈیون کونوے نے 35 گیندوں پر 59 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ محمد فائق 34 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

قبل ازیں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ پچ دوسری اننگز میں بیٹنگ کے لیے بہتر ہو جائے گی۔ لاہور قلندرز نے اپنی ٹیم میں ایک تبدیلی کرتے ہوئے پرویز حسین ایمن کی جگہ ریان برل کو شامل کیا۔

لاہور قلندرز کی بیٹنگ کا آغاز اچھا نہ رہا اور ابتدائی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ صرف سکندر رضا 25 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

یوں اسلام آباد یونائیٹڈ کی زبردست بولنگ کے باعث لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 100 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کرس گرین نے 3، کپتان شاداب خان ، عماد وسیم اور رچرڑ گلیسن نے 2،2 شکار کیے۔