بھارت کی شکست پر سوشل میڈیا صارفین نے عرفان پٹھان کو ’سنڈے‘ یاد دلادیا
آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں سپر ایٹ مرحلے کے گروپ ون کے میچ میں جنوبی افریقا کے ہاتھوں بھارت کو 76 رنز سے عبرتناک شکست کے بعد پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے سابق بھارتی کرکٹر عرفان پٹھان کو ایک بار پھر سنڈے یاد دلا دیا۔
اتوار کو بھارت کے شہر احمد آباد میں نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ کے 43 ویں میچ میں بھارت کو میگا ایونٹ میں رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
جنوبی افریقا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے جب کہ ہدف کے تعاقب میں بھارتی بیٹنگ لائن بری طرح فلاپ ہوگئی اور پوری ٹیم 19 ویں اوور میں 111 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
ٹی 20 ورلڈ کپ کے اہم میچ میں شکست پر جہاں بھارتی شائقین کرکٹ نے سوشل میڈیا پر بھارتی ٹیم کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا وہیں پاکستانی سوشل میڈیا صارفین بھی میدان میں آگئے۔
جنوبی افریقا کی بھارت کے خلاف فتح کے بعد پاکستانی سوشل میڈیا صارفین عرفان پٹھان کے پیچھے پڑگئے اور انہیں یاد دلانے لگے کہ آج سنڈے ہے اور صارفین نے میمز کا بھی ڈھیر لگادیا۔
ایک صارف نے ایکس پر پوسٹ کیا کہ ’ بھائی، جو بھی یہ پوسٹ دیکھے، عرفان پٹھان کو ٹیگ کرکے بول دو ، سنڈے کیسا رہا،بھائی؟۔’
ایک اور صارف نے لکھا کہ ’ کوئی عرفان پٹھان سے تو پوچھ لو سنڈے کیسا رہا؟’۔
ایک صارف نے عرفان پٹھان کی اداس تصویر شیئر کی جس پر لکھا تھا ’ پھر وہی سنڈے’۔
ایک صارف نے سوال کیا کہ کیا عرفان پٹھان نے سرف کھالیا؟
اس کے علاوہ بھی صارفین کی جانب سے مختلف میمز شیئر کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔













