ٹی 20 ورلڈ کپ: پاکستان کو شکست دے کر انگلینڈ سیمی فائنل میں پہنچ گیا

پاکستان 165 رنز کا دفاع کرنے میں ناکام رہا، انگلش ٹیم نے ہدف آخری اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
شائع 24 فروری 2026 10:01pm

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں سپر ایٹ مرحلے کے گروپ ٹو کے میچ میں انگلینڈ نے ہیری بروک کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے کر میگا ایونٹ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔

پالے کیلے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے کے پانچویں میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے تاہم انگلینڈ نے 165 رنز کا ہدف 20 ویں اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

پاکستان کی بیٹنگ

پاکستان کی جانب سے کھیل کا آغاز مایوس کن ثابت ہوا، اننگز کا آغاز صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے کیا تاہم یہ جوڑی زیادہ دیر تک ساتھ نہ نبھا سکی اور 14 کے اسکور پر صائم ایوب 7 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے جب کہ ون ڈاؤن پوزیشن پر آنے والے بلے باز کپتان سلمان علی آغا بھی 27 کے اسکور پر مخص 5 رنز بنا کر چلتے بنے۔

اس کے بعد بابر اعظم نے صاحبزادہ فرحان کے ساتھ اننگز کو سنبھالا اور دنوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ پر 46 رنز کا اضافہ کرکے ٹیم کا مجموعی اسکور 73 تک پہنچایا تو پھر بابر اعظم 25 رنز بناکر کلین بولڈ ہوگئے۔

ایک طرف وکٹیں گرتی رہیں تو دوسری طرف صاحبزادہ فرحان ڈٹے رہے، اس دوران انہوں نے اپنی نصف سنچری اسکور کی اور فخر زمان کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ پر 49 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا اسکور 122 تک پہنچایا، جس کے بعد صاحبزادہ فرحان 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 63 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوگئے۔

فرحان کے آؤٹ ہوتے ہیں پاکستان کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ ایک بار پھر وقفے وقفے سے شروع ہوگیا، 132 کے اسکور پر فخر زمان بھی 25 رنز بنانے کے بعد اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔

پاکستان کا اسکور 146 تک پہنچا تو یکے بعد دیگر دو وکٹیں گرگئیں، عثمان خان 8 اور محمد نواز بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ 149 کے اسکور پر پاکستان کو 8 واں نقصان بھی اٹھانا پڑا، جب شاہین شاہ آفریدی چھکا مارنے کی کوشش میں صرف دو رنز بنانے کے بعد باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

شاداب خان نے مزاحمت کرتے ہوئے 11 گیندوں پر 23 رنز کی اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے جب کہ سلمان مرزا بھی دو رنز کے ساتھ کریز پر موجود رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے لیام ڈاسن نے 3 جب کہ جوفرا آرچر اور جیمی اوورٹن نے 2، 2  کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ عادل راشد  کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

یوں پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے اور انگلینڈ کو جیت کے لیے 165 رنز کا ہدف دیا۔

انگلینڈ کی بیٹنگ

پاکستان کے 165 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کے ابتدائی تین بیٹرز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھاسکے اور تینوں بلے باز فل سالٹ، جوز بٹلر اور جیکب بیتھیل کو 35 کے مجموعے تک شاہین شاہ آفریدی نے پویلین لوٹا دیا۔

انگلینڈ کی پہلی وکٹ صفر پر گری، جب فل سالٹ پہلی گیند پر شاہین شاہ آفریدی کا شکار بنے جب کہ جوز بٹلر 2 رنز اور جیکب بیتھل 8 رنز بناکر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پرآؤٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ ٹام بنٹن 2 اور سیم کرن 16 رنز بناکر عثمان طارق کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

تاہم وکٹ کی دوسری جانب موجود انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے ذمہ درانہ بیٹنگ کرتے ہوئے شاندار سنچری اسکور کی، انہوں نے 51 گیندوں پر 100 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر میچ کا پانسہ اپنے حق میں پلٹ لیا۔ 

ہیری بروک کے بعد دوسرے سب زیادہ رنز بنانے والے انگلش کھلاڑی ول جیکس تھے، انہوں نے 28 رنز کی اننگز کھیلی۔ 

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4 جب کہ عثمان طارق اور محمد نواز نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک کو فتح گر اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس طرح انگلینڈ نے آخری اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز کا ہدف حاصل کیا اور میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے اپنے نام کرلیا۔

اس جیت کے ساتھ ہی انگلینڈ کی ٹیم ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔

میچ کا ٹاس

منگل کو سری لنکا کے پالے کیلے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ میں 45 ویں میچ میں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ پچ بالکل فریش لگ رہی ہے، وہ اچھا اسکور بنانے کی کوشش کریں گے تاکہ اس کا کامیابی سے دفاع کیا جاسکے۔

انگلینڈ کے خلاف میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، فہیم اشرف کی جگہ شاہین آفریدی کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے جب کہ انگلینڈ کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔

انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک کا کہنا تھا کہ ٹاس جیتنے کی صورت میں وہ بھی پہلے بیٹنگ ہی کرتے، آج پچ سری لنکا کے خلاف میچ کے مقابلے میں بہتر لگ رہی ہے، ہم ابھی تک اپنا بہترین میچ نہیں کھیل سکے۔ امید ہے کہ وہ لمحہ قریب ہے، آج کا میچ جیتے تو سیمی فائنل میں رسائی یقینی ہوجائے گی۔

پاکستان کی ٹیم

پاکستانی ٹیم میں کپتان سلمان آغا، صاحبزادہ فرحان، بابر اعظم ، صائم ایوب ، فخر زمان ، عثمان خان، شاہین آفریدی، سلمان مرزا ، عثمان طارق، محمد نواز،  شاداب خان شامل ہیں۔

انگلینڈ کی ٹیم

انگلش ٹیم میں کپتان ہیری بروک، فل سالٹ، جوز بٹلر، جیکب بیتھیل، ٹام بیٹن، ہیری بروک، سیم کرن، ول جیکس، لیام ڈاسن، جیمی اوورٹن، جوفرا آرچر اور عادل رشید شامل ہیں۔

پالی کیلے اسٹیڈیم پر انگلینڈ کو ہوم گراؤنڈ جیسا تصور کیا جارہا ہے کیوں کہ انگلش ٹیم گزشتہ ایک ماہ میں اس گراؤنڈ پر چاروں میچ میں کامیابی کے علاوہ سری لنکا کے خلاف سیریز بھی اپنے نام کر چکی ہے۔ دوسری جانب پاکستانی ٹیم ایونٹ میں پہلی بار کولمبو سے باہر میچ کھیل رہی ہے۔

گزشتہ میچ میں سری لنکن بولنگ نے انگلش بیٹرز کو خاصا پریشان کیا تھا۔ انگلینڈ نے 9 وکٹوں پر 146 رنز بنائے تھے، جس میں فل سالٹ کی نصف سنچری کے سوا کوئی نمایاں اننگز شامل نہیں تھی۔ انگلینڈ نے سری لنکا کو 51 رنز سے شکست دی تھی تاہم یہ کامیابی بڑی حد تک سری لنکن بیٹنگ لائن کی ناقص کارکردگی کا نتیجہ تھی۔

واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان کے خلاف انگلینڈ کا پلڑا بھاری ہے، انگلش ٹیم نے گرین شرٹس کو تینوں میچ میں شکست دی ہے۔

پاکستان نے ٹی 20 انٹرنیشنل میں انگلش ٹیم کو آخری دفعہ 4 سال قبل شکست دی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے، گزشتہ پانچ ٹی 20 انٹرنیشنل میں بھی انگلینڈ نے فتح سمیٹی تھی۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سپر ایٹ کا پہلا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا اور دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دے دیا گیا تھا، جس کے بعد پاکستان کی سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں اس میچ سے مشروط ہوگئی ہیں۔

پوائنٹس ٹیبل پر نظر دوڑائی جائے تو ایک ایک میچز کے بعد قومی ٹیم کا صرف ایک پوائنٹ ہے جب کہ انگلینڈ کے ناصرف 2 پوائنٹس پر بلکہ اس کا رن ریٹ بھی مثبت 2 اعشاریہ 55 ہے۔

سپر ایٹ مرحلے یہ دونوں ٹیموں کا دوسرا میچ ہے اور آج کا میچ دونوں ٹیموں کے لیے نہایت اہم ہے، انگلینڈ اپنی جیت کی روایت برقرار رکھنے جب کہ پاکستان سیمی فائنل کی دوڑ میں اپنا حصہ برقرار رہنے کے لیے میچ جیتنے کی کوشش کرے گا۔