سونا مزید مہنگا، قیمت میں آج بھی ہزاروں روپے اضافہ

بین الاقوامی مارکیٹ میں سونا 13 ڈالر مہنگا ہو کر 5185 ڈالر فی اونس تک پہنچ گیا
شائع 25 فروری 2026 03:12pm

مقامی صرافہ مارکیٹ میں آج بھی فی تولہ سونے کی قیمت میں 1,300 روپے کا زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے بعد سونا مقامی سطح پر تاریخ کی بلند ترین سطح کے قریب پہنچ گیا ہے۔

آل پاکستان جیمز اینڈجیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا مزید 1300 روپے مہنگا ہو کر 5 لاکھ 41 ہزار 262 روپے تک پہنچ گیا ہے۔

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 1114 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 64 ہزار 44 روپے ہو گئی ہے۔

عالمی منڈی میں بھی سونے کے نرخوں میں اضافہ دیکھا گیا۔ بین الاقوامی سطح پر سونا 13 ڈالر مہنگا ہو کر 5185 ڈالر فی اونس تک جا پہنچا ہے۔

چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی 268 روپے بڑھ کر 9554 روپے ہو گئی، جبکہ 10 گرام چاندی 230 روپے اضافے کے بعد 8191 روپے کی ہو گئی ہے۔

عالمی منڈی میں چاندی کی قیمت 2.68 ڈالر اضافے سے 90.70 ڈالر فی اونس ہو گئی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے اثرات براہ راست مقامی صرافہ بازار پر پڑ رہے ہیں، جس کے باعث قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں مسلسل تبدیلی دیکھنے میں آ رہی ہے۔