ٹی 20 ورلڈ کپ: انگلینڈ کے ہاتھوں نیوزی لینڈ کو شکست، پاکستان کی سیمی فائنل کی امیدیں برقرار
آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے کے نویں میچ میں انگلینڈ نے وِل جیکس اور ریحان احمد کی شاندار شراکت کی بدولت نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی، جس کے بعد پاکستان کو میگا ایونٹ کے سیمی فائنل میں جانے کا موقع مل گیا۔
جمعے کو کولمبو میں کھیلے جارہے ٹی 20 ورلڈ کپ میں سپر ایٹ مرحلے کے گروپ ٹو کے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے تاہم 160 رنز کا ہدف انگلینڈ کی ٹیم نے آخری اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
نیوزی لینڈ کی بیٹنگ
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم سائفرٹ اور فن ایلن نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں بلے بازوں نے ابتدائی اوورز میں تیز رفتار بلے بازی کرتے ہوئے پہلی وکٹ پر 64 رنز بنائے لیکن پھر پہلی وکٹ گنوانے کے بعد ٹیم کو توازن بحال کرنا پڑا۔
ٹم سائفرٹ نے 35 رنز اور فِن ایلن نے 29 رنز کی شاندار اننگز کھیلیں جب کہ گلین فلپس 39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جب کہ راچن رویندرا 11 رنز بنا کر ریحان احمد کا نشانہ بنے۔
اس کے علاوہ مارک چیپمین 15 رنز، ڈیرل مِچل 3 رنز اور کپتان میچل سینٹر 9 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ کول میک کونچی نے 14 رنز کی مدد سے ٹیم کو آخری اوور تک ہدف کے قریب پہنچایا۔
انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید، ول جیکس اور ریحان احمد نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جب کہ لیام ڈاوسن نے بھی ایک وکٹ لے کر نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن کو دباؤ میں رکھا۔
اس طرح نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز ہی بناسکی اور انگلینڈ کو جیت کے لیے 160 رنز کا ہدف دے دیا۔
انگلینڈ کی بیٹنگ
نیوزی لینڈ کے 160 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے مایوس کن آغاز کیا، 2 رنز پر انگلش ٹیم کے اوپنرز پویلین لوٹ گئے، فل سالٹ 2 اور جوز بٹلر صفر پر آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد ٹام بانٹن نے 33 رنز اور ہیری بروک نے 26 رنز بنا کر ٹیم کو مستحکم آغاز فراہم کیا جب کہ دیگر بلے بازوں میں سیم کرن 24 اور جیکب بیتھل 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
آخر میں ول جیکس اور ریحان احمد کی 16 گیندوں پر 44 رنز کی شاندار شراکت نے فتح میں کلیدی کردار ادا کیا جب کہ انگلینڈ کی جانب سے ول جیکس اور ریحان احمد 32 اور 19 رنز بالترتیب ناٹ آؤٹ بنا کر نمایاں رہے۔
2 وکٹیں اور 18 گیندوں پر 32 رنز بنانے والے ول جیکس میچ کے ہیرو قرار پائے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے رچِن رویندرا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ لوکی فرگوسن، میٹ ہنری اور گلین فلپس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس طرح انگلینڈ نے ہدف 19.3 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا اور گروپ میں 6 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر پہنچ گئی اور یوں انگلینڈ کے ہاتھوں نیوزی لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست کے بعد گرین شرٹس کی امیدیں برقرار ہیں۔
نیوزی لینڈ اور پاکستان میں سے کوں سی ٹیم سیمی فائنل میں جائے گی، اس کا فیصلہ کل پاکستان اور سری لنکا کے میچ کے بعد ہوگا۔ پاکستان کو سری لنکا کو بڑے مارجن سے شکست دے دینا ہوگی، ورنا نیٹ رن ریٹ کی وجہ سے نیوزی لینڈ 3 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔
میچ کا ٹاس
کولمبو کے آر پریما داسا اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ٹی 20 ورلڈ کپ کے 49 ویں میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔















