دشمن کو وہ سبق سکھائیں گے جس کے وہ مستحق ہیں: ایران

ہماری طاقتور مسلح افواج ہر قسم کے حالات کے لیے تیار ہیں: ایرانی وزیرِ خارجہ
شائع 28 فروری 2026 07:11pm

ایران نے امریکا اور اسرائیل کے حملے کو ناجائز قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایرانی افواج اس جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گی۔

ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پر بیان میں کہا ہے کہ نیتن یاہو اور ڈونلڈ ٹرمپ کا ایران پر حملہ بلااشتعال، غیر قانونی اور ناجائز ہے۔

انہوں نے کہا کہ عراقچی ٹرمپ نے ’امریکہ فرسٹ‘ کی پالیسی کو ’اسرائیل فرسٹ‘ میں تبدیل کر دیا ہے۔

ایرانی وزیرِ خارجہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہماری طاقتور مسلح افواج ہر قسم کے حالات کے لیے تیار ہیں اور حملہ آوروں کو وہ سبق سکھائیں گی جس کے وہ مستحق ہیں۔

انہوں نے ’ایکس‘ پر اپنے بیان کے ساتھ ڈونلڈ ٹرمپ کے 2012 میں کیے گئے ٹویٹ کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا، جس میں انہوں نے صدر باراک اوباما پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ حالات اپنے حق میں نہ ہونے پر کسی ملک پر حملہ کرسکتے ہیں۔

ٹرمپ نے اپنے ٹویٹ میں کہا تھا کہ ’عوامی سروے میں رائے اوباما کے حق میں نہیں ہے اور وہ مایوس ہیں۔ اب دیکھیں کہ وہ لیبیا پر حملہ کرتے ہیں یا ایران پر‘۔

اس سے قبل سربیا کے صدر الیگزینڈر ووچیچ نے بھی موجودہ امریکی انتظامیہ کے حوالے سے بھی ایسے خدشہ اظہار کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ایپسٹین فائلز کے سامنے آنے کے بعد ایران پر حملہ ہوتا ہوا دیکھ رہے ہیں۔

ٹی وی انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ جب بھی اس طرح کے بڑے اسکینڈلز سامنے آتے ہیں تو اکثر دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے کوئی بڑا قدم اٹھایا جاتا ہے۔

انہوں نے اس موقع پر ماضی کے ’مونیکا لیونسکی اسکینڈل‘ کا بھی حوالہ دیا تھا۔