اسرائیلی کمانڈرز اپنی جان بچانے کے لیے ہوٹلوں میں چھپے ہیں: عباس عراقچی

دشمن کے کمانڈرز اپنی جان بچانے کے لیے انسانی شیلڈ استعمال کر رہے ہیں، عباس عراقچی
شائع 01 مارچ 2026 08:06pm

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران نے خطے میں جوابی کارروائیوں کے دوران سب سے پہلے دشمن کی ملٹری بیسز کو نشانہ بنایا۔

اپنے بیان میں عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ دشمن فوجیوں نے ایرانی حملوں کے بعد اپنے اڈے چھوڑ کر ہوٹلوں میں پناہ لی۔

عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ دشمن کے کمانڈرز اپنی جان بچانے کے لیے انسانی شیلڈ استعمال کر رہے ہیں۔

ایرانی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ ایران نے اپنا آپریشن صرف دشمن فوجیوں تک محدود رکھا ہوا ہے اور عام شہریوں کو نشانہ نہیں بنایا جا رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران صرف ان مقامات کو نشانہ بنا رہا ہے جہاں سے ایران پر حملوں کی معاونت کی گئی۔

عباس عراقچی نے مزید کہا کہ ایران کی کارروائیاں مخصوص عسکری اہداف تک محدود ہیں اور ان کا مقصد ان عناصر کو جواب دینا ہے جو ایران کے خلاف حملوں میں ملوث رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ایرانی میڈیا نے آج صبح سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کی تصدیق کی تھی۔ اس سے قبل اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیان میں کہا تھا کہ ایران کے سپریم حملے میں مارے گئے ہیں۔

فارس نیوز ایجنسی کے مطابق خامنہ ای کی شہادت کے بعد ایران کی حکومت نے ملک بھر میں 40 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ ایرانی حکومت نے سات روزہ عام تعطیل کا بھی اعلان کیا ہے۔

ایران کی خبر رساں ایجنسیوں ’تسنیم‘ اور ’فارس‘ نے بھی آیت اللہ علی خامنہ ای کی موت کی تصدیق کردی تھی۔