ایرانی شہر سنندج پر میزائل حملے، 2 افراد جاں بحق

پولیس اسٹیشن کے قریب رہائشی عمارتیں متاثر
اپ ڈیٹ 02 مارچ 2026 02:12pm

ایرانی وسطی شہر سنندج پر مبینہ دشمن کے میزائل حملے میں کم از کم دو افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شہر کو میزائلوں سے نشانہ بنایا گیا اور پولیس اسٹیشن کے قریب واقع متعدد رہائشی عمارتیں تباہ ہو گئیں۔

اسی طرح خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق امریکی اور اسرائیلی افواج نے شہر کے مختلف حصوں پر، جن میں گنجان آباد علاقے بھی شامل ہیں، چھ میزائل داغے۔

آن لائن جاری اور الجزیرہ کی جانب سے تصدیق شدہ ویڈیو فوٹیج میں حملے کا ایک منظر دکھایا گیا ہے، جس میں آگ کے شعلے اور آسمان پر دھوئیں کے گھنے بادل نظر آ رہے ہیں۔

دوسری جانب متحدہ عرب امارات نے ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات معطل کر دیے ہیں۔ عرب میڈیا کے مطابق یو اے ای نے تہران میں اپنا سفارتخانہ بند کر دیا ہے اور اپنے سفیر کو بھی واپس بلا لیا ہے۔

رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام ایران کی جانب سے یو اے ای پر حملوں کے بعد کیا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق یو اے ای میں مبینہ ایرانی حملوں کے نتیجے میں اب تک تین افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ حکام کی جانب سے صورتحال پر مزید باضابطہ تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔