ایران کو چاہیے کہ وہ سعودی عرب پر حملہ نہ کرے: رانا ثنا اللہ
وزیرِ اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے سعودی عرب سے ایران کے لیے گارنٹی لی ہے اور تہران کو اس پر اعتماد کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران کو چاہیے کہ وہ سعودی عرب پر حملہ نہ کرے، کیونکہ پاکستان دفاعی معاہدے کے تحت سعودی عرب کی توقعات پر پورا اترے گا، تاہم اسلام آباد کی خواہش ہے کہ خطے میں کشیدگی کم ہو اور صورتحال بہتری کی جانب جائے۔
آج نیوز کے پروگرام ”اسپاٹ لائٹ“ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان اس جنگ کو پھیلنے نہیں دے گا اور کوشش کرے گا کہ حالات کو ٹھنڈا کیا جائے۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ جنگ ایران اور اسرائیل کے درمیان ہی محدود رہے گی اور پاکستان خطے میں استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔
انھوں نے واضح کیا کہ پاکستان امن کے لیے سرگرم کردار ادا کر رہا ہے اور اسی مقصد کے تحت بورڈ آف پیس میں موجود ہے۔
مشیرِ وزیراعظم نے کہا کہ جو عناصر افغانستان میں بیٹھ کر دہشت گردی کر رہے ہیں، ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور ایسے دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا جائے گا۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے اور کسی بھی وسیع تر جنگ کے حق میں نہیں، تاہم قومی مفادات اور دفاعی ذمہ داریوں کو ہر صورت مدنظر رکھا جائے گا۔












