رمضان اسپیشل: آج افطار میں گھر پر ’بریڈ لزانیا‘ بنائیں
افطار کے موقع پر کچھ نیا اور مزیدار بنانے کا دل کر رہا ہے؟ تو آپ کے لیے پیش ہے ایک آسان اور فوری تیار ہونے والی ترکیب ’بریڈ لزانیا‘۔
یہ ڈش نرم بریڈ، مصالحے دار چکن اور دو قسم کے چیز کے ساتھ تیار کی جاتی ہے۔ یہ نہ صرف بچوں کو پسند آئے گی بلکہ بڑوں کے لیے بھی ایک بہترین انتخاب ہے۔
اجزاء
بریڈ کے سلائس: 6 سے8 عدد
چکن: 200 گرام ( بون لیس چکن کیوب کی شکل میں)
انڈے: 3 عدد
دودھ: 2 پیالی
لہسن: 2 جوئے (کچلے ہوئے)
لال مرچ: 1/2 کھانے کا چمچ
کٹی ہوئی کالی مرچ: 1/2 کھانے کا چمچ
نمک: حسبِ ذائقہ
سرکہ: ایک کھانے کا چمچ
سویا سوس: ایک کھانے کا چمچ
پارسلے: 1/2 چائے کا چمچ
اجوائن: 1/2 چائے کا چمچ
چیڈر چیز: نصف پیالی
موزریلا چیز: 4 بڑے چمچ
تیل: حسب ضرورت
بنانے کا طریقہ
سب سے پہلے چکن کی بوٹیاں دھو کر کچلے ہوئے لہسن، نمک، لال مرچ، سرکہ اور سویا سوس کے ساتھ میرینیٹ کریں اور کچھ دیر کے لیے رکھ دیں۔
شیشے کی پھیلی ہوئی ڈش میں ہلکا سا تیل لگا کر اس میں بریڈ کے سلائس ایک ساتھ رکھیں۔ انڈوں کو پھینٹ کر اس میں نمک، کالی مرچ، اجوائن اور پارسلے شامل کریں، پھر تھوڑا تھوڑا کر کے دودھ ملا دیں۔ دونوں چیزوں کو کدوکش کرکے انڈوں کے مکسچر میں شامل کریں۔
انڈوں کا آدھا مکسچر بریڈ کے سلائس پر ڈالیں تاکہ اچھی طرح جذب ہو جائے، اوپر تھوڑا سا چیز چھڑکیں، پھر باقی 4 سلائس بریڈ رکھ کر دوبارہ انڈوں کا مکسچر ڈالیں۔
ایک فرائنگ پین میں زیتون کا تیل گرم کر کے میرینیٹ کی ہوئی چکن کو تیز آنچ پر فرائی کریں اور پھر تیار بریڈ کے اوپر رکھیں۔
اوپر سے کدوکش کیا ہوا چیز ڈالیں اور تھوڑا سا تیل چھڑک کر پہلے سے گرم اوون میں 180۰ ڈگری سیلسیس پر 5 سے 7منٹ کے لیے بیک کریں۔
اوون سے نکال کر یہ خوشبودار اور آسان ڈش کیچپ یا چلی گارلک کے ساتھ گرم گرم پیش کریں
یہ بریڈ لزانیا نہ صرف جلد تیار ہو جاتی ہے بلکہ افطار کے موقع پر سب کے دل جیتنے کے لیے کافی ہے۔
















