5 گیندوں پر 5 وکٹیں: نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر نے نئی تاریخ رقم کردی

کیوی بولر نے مخالف ٹیم کی بیٹنگ لائن چند گیندوں میں ہی بکھیر دی۔
شائع 08 مارچ 2026 04:03pm

نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر بریٹ رینڈل نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کرتے ہوئے مسلسل 5 گیندوں پر 5 وکٹیں لے کر نئی تاریخ رقم کردی، انہوں نے یہ کارنامہ پلنکٹ شیلڈ کے میچ میں ناردرن ڈسٹرکٹس کے خلاف انجام دیا۔

اتوار کو نیپئر میں کھیلے گئے پلنکٹ شیلڈ کے میچ کے دوسرے روز سنٹرل ڈسٹرکٹس کے فاسٹ بولر بریٹ رینڈل نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تاریخ رقم کردی۔ وہ فرسٹ کلاس کرکٹ کی تاریخ میں مسلسل 5 گیندوں پر 5 وکٹیں لینے والے پہلے بولر بن گئے۔

رینڈل کے تباہ کن اسپیل کے دوران ناردرن ڈسٹرکٹس کی ٹیم بغیر کسی نقصان کے 4 رنز سے صرف 5 گیندوں میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 9 رنز تک محدود ہوگئی۔

انہوں نے اپنے دوسرے اوور کی آخری گیند پر اوپنر ہنری کوپر کو شاندار اِن سوئنگ گیند پر بولڈ کیا، اگلے اوور کی پہلی گیند پر جیت راول کو آؤٹ کیا، جس کے بعد جو کارٹر کو کیچ آؤٹ کرا کر ہیٹ ٹرک مکمل کی۔

اس کے بعد رابرٹ او ڈونل بھی ان کی آؤٹ سوئنگ گیند پر سلپ میں کیچ دے بیٹھے جب کہ پانچویں وکٹ کرسچین کلارک کی صورت میں گری جب گیند بیٹ سے ہلکا سا ٹکرا کر اسٹمپس سے جا لگی۔ اس مرحلے پر رینڈل کے بولنگ اعداد و شمار 2.4 اوورز میں 2 رنز دے کر 5 وکٹیں تھے۔

بعد ازاں بریٹ رینڈل نے مزید وکٹیں حاصل کرتے ہوئے صرف 3.5 اوورز میں 7 وکٹیں مکمل کیں۔ انہوں نے بین پومیرے اور اسکاٹ کوگیلین کو بھی آؤٹ کیا اور میچ میں 11 اوورز میں 25 رنز دے کر 7 وکٹیں حاصل کیں جو ان کے کیریئر کی بہترین کارکردگی ہے۔

ناردرن ڈسٹرکٹس کی پوری ٹیم صرف 82 رنز پر آؤٹ ہوگئی جب کہ سنٹرل ڈسٹرکٹس نے پہلی اننگز میں 373 رنز بنائے تھے جس کے بعد مخالف ٹیم کو فالو آن کا سامنا کرنا پڑا۔

میچ کے بعد بریٹ رینڈل کا کہنا تھا کہ وہ اس کارنامے پر حیران ہیں اور یہ لمحہ ان کے لیے ناقابل یقین تھا، وہ صرف ایک ہی لائن اور لینتھ پر گیند کرانے کی کوشش کر رہے تھے اور ٹیم کی طے شدہ حکمت عملی پر عمل کرتے رہے۔

بریٹ رینڈل نے بتایا کہ انہیں اس بات کا علم نہیں تھا کہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ کسی بولر نے پانچ مسلسل گیندوں پر پانچ وکٹیں حاصل کی ہوں۔

واضح رہے کہ ٹی 20 کرکٹ میں اس سے قبل آئرلینڈ کے کرٹس کیمفر نے انٹر پروونشل ٹی 20 ٹرافی میں منسٹر ریڈز کی جانب سے کھیلتے ہوئے 5 گیندوں پر 5 وکٹیں حاصل کی تھیں جب کہ زمبابوے ویمنز انڈر 19 کی کھلاڑی کیلس نڈہلوو نے 2024 میں ڈومیسٹک ٹی 20 ٹورنامنٹ میں یہی کارنامہ انجام دیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق بریٹ رینڈل کو اس میچ میں موقع اس وقت ملا جب نیوزی لینڈ کے بولرز اعجاز پٹیل اور بلیئر ٹکنر انجری کے باعث دستیاب نہیں تھے جب کہ دیگر کنٹریکٹڈ کھلاڑی بھی ٹیم کو دستیاب نہیں تھے۔