پنجاب میں دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع، اجتماعات اور اسلحے پر پابندی برقرار
پنجاب بھر میں دفعہ 144 کے نفاذ میں مزید 7 روز کی توسیع کر دی گئی ہے، دفعہ 144 کا نفاذ دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کے باعث کیا گیا جب کہ اجتماعات، جلوسوں، مظاہروں اور اسلحے کی نمائش پر پابندی کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
پنجاب حکومت نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر دفعہ 144 کے نفاذ میں 7 روز کی توسیع کر دی ہے، جو اب 14 مارچ تک جاری رہے گی۔ حکام کے مطابق دہشت گردی کے ممکنہ خطرات کے باعث صوبے میں حفاظتی اقدامات کو مزید سخت کیا جا رہا ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اجتماعات، جلوسوں اور مظاہروں پر پابندی عائد رہے گی جب کہ پنجاب بھر میں چار یا اس سے زائد افراد کے عوامی اجتماع پر بھی پابندی ہوگی اور اس کے علاوہ عوامی مقامات پر بغیر اجازت کسی بھی قسم کا اجتماع منعقد کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
حکام کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار دورانِ ڈیوٹی اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے جب کہ شادی بیاہ، جنازوں اور تدفین سے متعلق اجتماعات پر یہ پابندی لاگو نہیں ہوگی۔
انٹیلی جنس ذرائع کے مطابق حساس نوعیت کے اجتماعات دہشت گردی اور فرقہ واریت کا ہدف بن سکتے ہیں، جس کے پیش نظر سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے، حکام کے مطابق دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع 14 مارچ تک کی گئی ہے۔
















