نئے ریسٹورنٹ پر جعلی ریویوز کا حملہ، صحیفہ جبار رو پڑیں

آپ لوگ صرف مجھے توڑنے کی کوشش کررہے ہیں'، صحیفہ جبار
شائع 10 مارچ 2026 11:04am

پاکستان شو بز انڈسٹری کی مشہور اداکارہ اور سابقہ سپر ماڈل صحیفہ جبار کھٹک نے انکشاف کیا کہ ان کے حال ہی میں کھلے ہوئے پیزا پارلر پر اچانک جعلی منفی ریویوز کی بھرمار ہوئی، جس نے انہیں نہایت پریشان کر دیا۔

اداکارہ نے ایک جذباتی ویڈیو میں بتایا کہ تقریباً صبح تین بجے کے وقت گوگل پر ایک ہی دن کے اندر کئی ون اسٹارریویوز ظاہر ہو گئے۔

ان کے مطابق، تقریباً پچاس ریویوز پوسٹ کیے گئے، حالانکہ وہ خود اس وقت ریسٹورنٹ میں موجود تھیں، پیزا سرو کر رہی تھیں اور گاہکوں سے بات کر رہی تھیں، جو سب مثبت فیڈبیک دے رہے تھے۔ ہر گاہک خوش اور مطمئن تھا۔

صحیفہ نے کہا، ’میں خود گاہکوں سے ملی اور پیزا سرو کیا، سب کی رائے مثبت تھی۔ یہ منفی ریویوز اچانک کیسے آئے، سمجھ نہیں آ رہا۔‘

صحیفہ نے سوال اٹھایا کہ اتنی بڑی تعداد میں منفی ریٹنگز اچانک کیسے نمودار ہو گئی، جبکہ ان کے زیادہ تر اصل گاہک خاندان اور بزرگ ہیں جو عموماً آن لائن ریویو پلیٹ فارمز استعمال نہیں کرتے۔

صحیفہ نے بزنس وومن کو درپیش وسیع چیلنجز پر بھی بات کی۔ انہوں نے بتایا کہ بزنس وومن کو اکثر ہراساں کیا جاتا ہے، بلیک میل کرنے کی کوششیں کی جاتی ہیں، رشوت کے مطالبات سامنے آتے ہیں اور منظم منفی مہمیں چلائی جاتی ہیں، جو آزاد خواتین کاروباریوں کو حوصلہ شکنی کرنے کے لیے استعمال کی جاتی ہیں۔

یہ واقعہ صحیفہ کے اس بیان کے کچھ دن بعد آیا جس میں انہوں نے اپنے کیفے میں ملازمین کی بھرتی کے بارے میں کہا تھا کہ وہ زیادہ تر پٹھان ملازمین کو ترجیح دیتی ہیں کیونکہ وہ زیادہ قابل اعتماد ہوتے ہیں۔

اس بیان پر سوشل میڈیا پر لوگوں نے انہیں متعصب قرار دیا اور منفی ردعمل کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

صحیفہ کی ویڈیو کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے مختلف رائے دی۔ ایک صارف نے لکھا، ”جب آپ کسی کمیونٹی پر حملہ کرتے ہیں تو منفی ردعمل کی توقع رکھنی چاہیے۔“

ایک اور صارف نے کہا، ”یہ عورت اور متاثرہ ہونے کا ڈرامہ کیوں کر رہی ہیں؟ اصل معاملہ تو ان کے ریسٹورنٹ کی خراب ریویوز کا ہے۔“

کچھ لوگوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا، ”نہ تو وہ اداکاری کر سکتی ہیں اور نہ ہی کاروبار چلا سکتی ہیں۔“

یاد رہے کہ صحیفہ جبار کھٹک ابتدا میں فیشن ماڈل کے طور پر مشہور ہوئیں اور بعد میں اداکاری میں آئیں۔ انہوں نے کئی پاکستانی ڈراموں میں اہم کردار ادا کیے، جن میں ’بیٹی‘، ’بھول‘، ’لوگ کیا کہیں گے‘، ’رفتہ رفتہ‘ اور ’بھول جا اے دل‘ شامل ہیں۔ صحیفہ اپنے فولوورز کے ساتھ کھل کر اپنی زندگی، ذہنی صحت اور کیریئر کے مسائل پر بات کرتی رہتی ہیں۔